یروشلم: اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یمن سے فائر کیا گیا میزائل مار گرایا ہے جو وسطی اسرائیل کی جانب داغا گیا تھا۔
یمن سے زمین سے زمین تک مار کرنے والا میزائل اسرائیل کے وسطی علاقے کی طرف فائر کیا گیا تھا جسے فضا میں ہی ناکارہ بنادیا گیا، جیسے ہی فضا میں میزائل فائر ہونے کے باعث الارم بجے اسرائیلی شہری پناہ لینے کے لیے دوڑ پڑے۔
اسرائیلی فضائیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وسطی اسرائیل کے متعدد علاقوں میں بجنے والے سائرن کے بعد، یمن سے داغے گئے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کو کامیابی سے مار گرایا گیا ہے۔
بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ میزائل کس نے داغا یا یہ اسرائیل مخالف کسی عسکری گروپ کی طرف سے فائر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی تنظیم جو کہ شمالی یمن کو کنٹرول کرتی ہے، پچھلے سال کے دوران اکثر اسرائیل پر حملے کرتی رہی ہے، حوثی تنظیم کہنا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایسا کرتی ہے۔