کراچی: اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ہاتھوں ’’را‘‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری کے بعد اس کے کراچی میں مقیم ہونے کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز نے گرفتار ’’را‘‘ ایجنٹ سلیم سے خصوصی انٹرویو کیا، بھارتی جاسوس کب سے اور کراچی میں کیوں مقیم تھا؟ اس سے متعلق ملزم سلیم نے بتایا کہ مجھے 1989 میں را نے کراچی بھیجا تھا، 2012 اور 2014 میں دوبارہ انڈیا گیا تھا۔
ملزم نے انکشاف کیا کہ منوڑا میں رہائش پذیر تھا، را کو حساس معلومات فراہم کرتا تھا، بڑے اور چھوٹے بحری جہازوں کی آمد و رفت سے آگاہ کرتا تھا۔
وسیم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ جنگی جہازوں سے متعلق بھی معلومات دیتا تھا، منوڑا اور چائنہ پورٹ کے نقش حاصل کیے تھے، پی سی او سے جاکر بھارت فون کرتا تھا۔
ملزم نے کہا کہ بھارت میں را کے ٹھکر صاحب کو رپورٹ کرتا تھا، ٹھکر صاحب کے سوا کسی کو نام سے نہیں جانتا تھا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے بتایا کہ گرفتار جاسوس کا ریمانڈ حاصل کرلیا ہے، ملزم سے چائنہ پورٹ اور منوڑہ کے نقشے بھی ملے، ملزم سے مختلف ناموں کے پاسپورٹس، شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔
شعیب میمن نے کہا کہ گرفتار ملزم سے مختلف محکموں کے سروس کارڈ بھی ملے، ملزم نیپال کے ذریعے بھارت کا سفر کرتا تھا، ملزم کے قبضے سے ہتھیار بھی ملے ہیں۔