اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاکستان میں بجلی کی پیداوار اور خرید کے لیے ایک انڈیپنڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ بنانے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کی تشکیل کی منظوری بھی دی گئی، وفاقی کابینہ جس کی توثیق کرے گی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئی ایس ایم او کو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ کیا جائے گا، اور اس کے بورڈ میں بجلی کے شعبے کے ماہرین کی شمولیت یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کے شعبے کی اصلاحات کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، انھوں نے ہدایت کی کہ بجلی کی چوری اور نقصان کو کم کرنے کے لیے اقدامات تیز اور مؤثر بنائے جائیں۔
آئینی ترامیم کیلیے ہمارے بندے ان کے ہاتھ نہیں آئیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی
وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجلی چوری میں ملوث تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے، بجلی کے شعبے کی اصلاحات اور چوری کے سدباب کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، احسن اقبال، احد چیمہ، اویس لغاری و دیگر حکام نے شرکت کی۔