انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بلے باز جو روٹ نے ملتان ٹیسٹ میں کئی ریکارڈ بنا کر اپنا نام عظیم کرکٹرز کی فہرست میں درج کرا لیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جس میں انگلش ٹیم کے معروف بلے باز جو روٹ نے سنچری بنائی اور 139 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
جو روٹ کی ملتان میں بنائی گئی سنچری ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 35 ویں سنچری ہے۔ وہ زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
اس سنچری کے ساتھ انہوں نے یونس خان، سنیل گواسکر، جے وردھنے اور برائن لارا جیسے عظیم بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اب ان سے آگے صرف سابق بھارتی بلے باز راہول ڈریوڈ ہیں جنہوں نے 36 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔
View this post on Instagram
اس کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے سب سے کامیاب بلے باز بن گئے ہیں۔ ان کے 146 ٹیسٹ میچز میں رنز کی تعداد ساڑھے 12 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
انہوں نے سابق کپتان الیسٹر کک کو پیچھے چھوڑا جو اب 12472 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
جو روٹ اس کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پانچ ہزار رنز بنانے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔
انگلش بلے باز اس شاندار اننگ کی بدولت سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے ٹاپ پانچ بلے بازوں کی فہرست میں بھی شامل ہوگئے۔ اس فہرست میں سچن ٹنڈولکر 15921 رنز کے ساتھ ٹاپ پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں۔
انگلینڈ کی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی تصور کیے جانے والے جو روٹ نے صرف اسی پر بس نہیں کیا بلکہ ملتان میں شاندار اننگ کے ساتھ انہوں رواں کرکٹ کلینڈر ایئر میں ایک ہزار رنز بھی مکمل کیے۔
جو روٹ نے پانچویں بار ایک سال میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا سنگ میل عبور کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ ان عظیم بلے بازوں کی فہرست میں بھی شامل ہوگئے جنہوں نے پانچ یا اس سے زائد بار یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
ان سے آگے صرف سچن ٹنڈولکر نے جنہوں نے 6 بار ایک کلینڈر ایئر میں ایک ہزار یا اس سے زائد رنز بنائے۔
اس کے علاوہ جو روٹ، برائن لارا، میتھیو ہیڈن، جیک کیلس، رکی پونٹنگ، کمارا سنگاکارا اور ایلسٹر کک نے پانچ بار ایک کلینڈر ایئر میں ایک ہزار یا اس سے زائد رنز بنائے ہیں۔