بدھ, اکتوبر 9, 2024
اشتہار

آئی ایم ایف کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک کا بھی پاکستان کیلیے فنانسنگ کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے بھی پاکستان کیلیے 3 برسوں کیلیے 6 ارب ڈالر فنانسنگ کا اعلان کر دیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران 1 ارب 85 کروڑ ڈالر سے زائد فنانسنگ ہوگی جبکہ سال 2026 کے دوران 2 ارب 30 کروڑ ڈالر فنانسنگ کا تخمینہ ہے۔

اسی طرح سال 2027 کے دوران 2 ارب 25 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی جائے گی۔ حکام نے بتایا کہ 3 برسوں کے دوران 2.8 ارب ڈالر کی رعایتی فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔

- Advertisement -

اے ڈی بی کی فنانسنگ صحت، تعلیم، کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر، ریسورس موبلائزیشن، ایکسپورٹ پروموشن، ایف بی آر ڈیجیٹلائزیشن اور ایس او ایز ریفارمز کیلیے خرچ ہوگی۔

دوسری جانب عالمی بینک نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کیلیے اپنی فنڈنگ میں تیزی کی ہے۔

گزشتہ روز عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجےبین ہیسن نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ جنیوا ڈونرز کانفرنس میں 2 ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا گیا تھا تاہم مختلف منصوبوں کیلیے 2 ارب ڈالر سے زیادہ فنڈز دستیاب ہیں، مجموعی طور پر 1 کروڑ 30 لاکھ متاثرین کو فائدہ ہوگا۔

ناجےبین ہیسن نے بتایا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں 45 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریلیف، تعمیر نو اور بحالی پر خرچ ہوئے جبکہ 1.55 ارب ڈالر تعمیر نو اور بحالی کے نئے منصوبوں کیلیے ہیں، سندھ کے منصوبوں میں تیزی جبکہ بلوچستان کے بعض منصوبے سست روی کا شکار ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ سندھ کے منصوبوں کیلیے 81 کروڑ 60 لاکھ ڈالر جاری ہو چکے ہیں جہاں تعمیر نو، ہاؤسنگ کے 50، 50 کروڑ ڈالر کے منصوبوں پر عمل جاری ہے۔

بلوچستان میں ہاؤسنگ کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہے جہاں صرف 104 بینک اکاؤنٹ کھل سکے، اسی طرح خیبر پختونخوا میں سڑکوں، تعلیم اور صحت کے منصوبوں پر 17 کروڑ 70 لاکھ ڈالرخرچ ہوں گے۔

فنڈنگ میں سندھ میں سڑکوں کی تعمیر کا 55.7، پنجاب میں آبپاشی کا 45 ملین ڈالر کا منصوبہ شامل ہیں۔ عالمی بینک نے پاکستان جیسے کم آمدن والے ملکوں کیلیے خصوصی ایمرجنسی فنڈنگ پر زور دی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں