بدھ, اکتوبر 9, 2024
اشتہار

چند عناصر کو جلاؤ گھیراؤ کے سوا کچھ نہیں آتا، مریم نواز

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج پر ردعمل میں کہا ہے کہ چند عناصر کو جلاؤ گھیراؤ کے سوا کچھ نہیں آتا۔

گرین پنجاب ایپ اور اسموگ ہیلپ لائن 1373 کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے، ملائیشیا کے وزیر اعظم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، بچوں سے پوچھنا چاہتی ہوں ایس سی او ہو رہی ہے ہم اپنا کیا چہرہ دیکھانا چاہتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ان لوگوں نے سیاسی اسموگ پھیلانے کی کوشش کی جس پر عوام نے رسپانڈ نہیں کیا، ایک صوبہ پورے ساز و سامان کے ساتھ وفاق پر حملہ آور ہوا جبکہ اقتدار کی خاطر افراتفری پھیلائی گئی، ان کے احتجاج کے دوران اسلام آباد پولیس کا ایک جوان شہید ہوا، ان لوگوں کو احتجاج کیلیے سرکاری ملازمین کو لانا پڑا۔

- Advertisement -

تقریب سے خطاب وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انٹرن شپ پروگرام کے تحت وظیفہ 25 ہزار سے بڑھا کر 60 ہزار روپے کیا، نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلیے اقدامات کر کے خوشی ہوتی ہے، ٹیکنالوجی کے ذریعے آگے بڑھنے کی راہیں تلاش کر رہے ہیں، انٹرن شپ کے بعد ملازمت کے مواقع بھی پیدا کریں گے۔

’ہم باتوں کے بجائےعملی اقدامات کر رہے ہیں۔ ہماری حکومت نے آکر ماحولیات کے محکمے کو فعال کیا ہے کیونکہ قدرتی ماحول کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ مریم اورنگزیب اور ان کی ٹیم کو شاباشی نہ دوں تو زیادتی ہوگی۔ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلیے ماحولیاتی چیلنجز پر توجہ دینی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئے منصوبوں کے اعلان کے ساتھ عملدرآمد بھی یقینی بناتے ہیں، اسموگ کی وجہ سے اسکول اور دفاتر بند ہو جاتے ہیں جبکہ سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے، ہمیں اندازہ نہیں ہے کہ اسموگ ہمارے بچوں کیلیے کتنی نقصان دہ ہے، ہم سب کو پتا ہونا چاہیے کہ قدرتی ماحول کا تحفظ کتنا اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک لوگوں کو چیزیں نظر نہیں آتیں انہیں نقصانات کا اندازہ نہیں ہوتا، پنجاب کے تمام سرکاری اسکول میں ہر ماہ ایک تھیم رکھی جائے گی، بھارت سے ہوا کے ذریعے اسموگ یہاں آتی ہے اس حوالے سے ہمیں بات کرنے کی ضرورت ہے، انڈسٹریز کی سرویلنس شروع کر دی ہے، ماحول کو خراب اور عوام کیلیے بیماری کا باعث بننے والا کاروبار ہو تو دل پر پتھر رکھ کر ایکشن لینا پڑتا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ انٹرن شپ کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے ٹراننسپورٹ کے حوالے سے اقدامات کیے ہیں، میں چاہتی ہوں پنجاب اب الیکٹرک وہیکل کی طرف قدم بڑھائے، پنجاب میں ایک ماہ بعد 28 الیکٹرک بسز کا فلیٹ آ رہا ہے، الیکٹرک بسز کی چارجنگ کیلیے سولر پاور سسٹم بنا رہے ہیں۔

’ای کیب اور ای کار ٹرانسپورٹ کا منصوبہ عوام کیلیے لا رہے ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی صرف پنجاب کا نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے۔ ماحولیاتی شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں اور بھٹوں کیلیے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔‘

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں