سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے انگلینڈ کے خلاف خراب کارکردگی پر بابر اعظم کو دل کا کمزور کھلاڑی قرار دے دیا۔
پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر باسط علی نے بابر اعظم کو مشورہ دیا کہ وہ آرام کرلیں اس سے کوئی ان کی کرکٹ تباہ نہیں ہوجائے گی یا انہیں کوئی ڈراپ نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ 90 کی دہائی میں جب کسی بیٹرز سے کارکردگی نہیں ہوتی تو عمران خان، وسیم اکرم، سلیم ملک کھلاڑی کو آرام ضرور کرواتے تھے، انضمام کی بڑی مثال ہے جب ان سے رنز نہیں ہورہے تھے تو آرام دیا گیا اس کے بعد انہوں نے اچھا پرفارم کیا۔
باسط علی نے کہا کہ پرفارمنس نہ ہو تو آرام کرنے میں کوئی برائی نہیں ہے، بابر اس میں لگے ہیں کہ اگلی اننگز میں رنز کرلوں گا لیکن ان سے رنز نہیں ہوپارہے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ کارکردگی نہ ہونے پر پریشر خود باہر پر پڑرہا ہے اور ہر اننگز میں وہ ناکام ہورہے ہیں، بابر اعظم دل کا کمزور کھلاڑی ہے، کلاس پلیئر نظر آتا ہے جیسے جو روٹ ہیں انہوں نے اپنا بیٹنگ اسٹائل تبدیل کردیا ایک سال قبل وہ بیس بال کھیل رہا تھا اور ریورس سوئپ مار رہا تھا۔
باسط علی نے کہا کہ جو روٹ بھارت گیا وہاں پر فلاپ ہوگیا تو دوبارہ اپنے نیچرل اسٹائل میں بیٹنگ کرنے لگا، سب لوگ بیس بال کھیل رہے ہیں لیکن جو روٹ نہیں کھیل رہا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں جو بھی کوچ بنتا ہے وہ سمجھتا جو وہ کہہ رہا ہے وہ بات ٹھیک ہے، کپتان جو بنتا ہے وہ بھی یہی سمجھتا ہے، آپ لوگ کر کیا رہے ہو، امریکا، آئرلینڈ، نیوزی کی بی ٹیم سے آپ ہار رہے ہیں، 556 رنز بنا کر آپ ہارنے جارہے ہو، اگلے ٹیسٹ کے لیے کوئی ٹیم بنائے گا، سب ملک سے کھیل رہے ہیں ملک کے لیے کوئی نہیں کھیل رہا۔