اتوار, نومبر 24, 2024
اشتہار

ایک اور شرمناک کارکردگی، ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف اننگ اور 47 رنز سے شکست

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایک بار پھر شرمناک کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگ اور 47 رنز کے بھاری مارجن سے شکست ہوئی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناکامیوں اور رسوائی کا سلسلہ دراز ہوگیا۔ انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کو اننگ اور 47 رنز کے بھاری مارجن سے شکست ہوگئی ہے۔ مہمان ٹیم نے اس فتح کے ساتھ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

- Advertisement -

جیتی بازی ہارنا کوئی پاکستانی ٹیم سے سیکھے جس نے ملتان ٹیسٹ کا اچھا آغاز کیا اور پہلی اننگ میں 556 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا لیکن پھر پہلے پاکستانی بولرز کی ناکامی اور اس کے بعد دوسری اننگ میں بلے بازوں کا ڈھیر ہوجانا پے در پے شکستوں کا ری پلے بن گیا۔

ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کے اختتام پر ہی پاکستان پر اننگ کی شکست کے آثار اس وقت واضح ہوگئے تھے جب 82 پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ شان مسعود (11)، بابر اعظم (5)، محمد رضوان (10)، عبداللہ شفیق (0)، سعود شکیل (29)، صائم ایوب (25)، کوئی بھی بلے باز انگلینڈ کے بولرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

تاہم نچلے نمبروں پر سلمان علی آغا اور عامر جمال کی مزاحمت نے امید بندھائی تھی کہ پاکستان اننگ کی شکست سے نکل جائے گا۔

آج جب پانچویں اور آخری دن کے پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگ کا آغاز 6 وکٹوں پر 152 رنز کے ساتھ کیا۔ اس وقت قومی ٹیم کو اننگ کی شکست سے بچنے کے لیے 115 رنز درکار تھے اور کھانے کے وقفے سے قبل ہی پوری ٹیم 220 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

 191 کے مجموعی اسکور پر سلمان علی آغا 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ دونوں بلے بازوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 109 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ شاہین شاہ آفریدی 10 اور شاہین شاہ چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ ابرار احمد بیماری کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آ سکے۔ عامر جمال 55 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے چار جب کہ گس آٹکنسن اور بریڈن کرس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نے پہلی اننگ 7 وکٹوں پر 823 رنز بنا کر ڈکلیئر کی تھی۔ انگلینڈ نے اس اننگ کے ذریعے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے۔ میچ کی خاص بات ہیری بروک کی ٹرپل اور جو روٹ کی ڈبل سنچری تھی۔ دونوں نے انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی 454 رنز کی پارٹنر شپ بھی قائم کی جب کہ پاکستان کے خلاف اسی کی سر زمین پر سب سے بڑا اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

ہیری بروک کو 317 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان کو اپنی سر زمین پر ٹیسٹ میچ جیتے ساڑھے تین سال ہوگئے۔ اس دوران قومی ٹیم نے 12 ٹیسٹ میچز کھیلے لیکن ایک میں بھی فتح کا مزا نہ چکھ سکی۔

گزشتہ ماہ بنگلہ دیش نے پاکستان آکر قومی ٹیم کو پہلی بار دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر کے تاریخ میں اپنا نام رقم کرایا تھا۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں