پیر, دسمبر 30, 2024
اشتہار

’ایس سی او سربراہ اجلاس، شرپسند عناصر کو رخنہ ڈالنے کا کوئی موقع نہیں ملے گا‘

اشتہار

حیرت انگیز

وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ایس سی او سربراہ اجلاس کے دوران شرپسند عناصر کو رخنہ ڈالنے کا کوئی موقع نہیں ملے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم  شہباز شریف نے ایس سی او سربراہی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے اور حکام سے بریفنگ لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سازشی ذہنیت رکھنے والے گھر بیٹھ کر سکون کریں ان کے لیے یہاں کوئی جگہ نہیں، تمام تیاریاں مکمل ہیں، شرپسند عناصر کو رخنہ ڈالنے کا کوئی موقع نہیں ملے گا۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے جس کے لئے پورے اسلام آباد کو سجایا گیا ہے، اللہ کے فضل و کرم سے سلامتی کی صورتحال پر پوری توجہ مرکوز ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ یقین ہے آنے والے مہمان پاکستان کا مثبت تشخص لے کر جائیں گے، پاک آرمی ، رینجرز،اسلام آباد پولیس مکمل طور پر تیار ہیں، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت اور تکریم میں بین الاقوامی سطح  پر اضافہ ہوگا، رکن ممالک کے سربراہان اور مندوبین کا بھرپور خیرمقدم کریں گے، پوری دنیا کو بتانے جارہے ہیں کہ پاکستان اور قوم میں بہت پوٹینشل ہے۔

واضح رہے کہ چند گھنٹوں قبل پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے 23واں سربراہان اجلاس کے دوران اسلام آباد کے ڈی چوک پر بھرپور احتجاج کا اعلان کر دیا۔

یہ پڑھیں: پی ٹی آئی کا 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر بھرپور احتجاج کا اعلان

مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔

شیخ وقاص اکرم نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر بھرپور احتجاج کرے گی جس کے پیش نظر پنجاب میں احتجاج منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پنجاب میں زیرِ حراست کارکنان، ذمہ داران اور ایم پی ایز کی فوری رہائی اور پنجاب و وفاقی حکومت سے غیر قانونی چھاپوں اور پکڑ دھکڑ بند کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا تھا کہ مینڈیٹ چور اور آئین و قانون سے بے زار حکمران ظلم اور سفاکیت ترک کرنے پر آمادہ نہیں، اڈیالہ میں ناحق قید بانی پی ٹی آئی کو بطورِ خاص بربریت کے نئے سلسلے کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی خطرات سے دوچار کرنے کیلیے بنیادی و انسانی حقوق سلب کر لیے گئے، ان کو بنیادی حقوق، وکلا، اہلخانہ اور قائدین تک رسائی نہ دی تو 15 اکتوبر کو پورا پاکستان نکلے گا۔

واضح رہے کہ 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کا 23واں سربراہان اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں شرکت کیلیے رکن ممالک کے سربراہان اور حکام پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں