ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین رتن ٹاٹا کے انتقال کے بعد جانشین کے انتخاب کے لیے بورڈ میٹنگ میں اہم فیصلہ کرلیا گیا، نوئیل ٹاٹا کو نیا سربراہ چُن لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز جمعہ کو ہونے والی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں نوئیل ٹاٹا کو ’ٹاٹا سنز‘کے پروموٹر ’ٹاٹا ٹرسٹ‘کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نوئیل ٹاٹا کو اتفاق رائے سے ٹاٹا ٹرسٹ کا چیئرمین منتخب کیا، نوئیل ٹاٹا رتن ٹاٹا کے سوتیلے بھائی ہیں اور وہ فی الحال ٹاٹا اسٹیل اور وولٹاس سمیت کئی فہرست بند کمپنیوں کے بورڈ میں شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مہلی مستری کو ٹاٹا ٹرسٹ کا مستقل ٹرسٹی مقرر کیا جا سکتا ہے، مہلی ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین آنجہانی سائرس مستری کے کزن ہیں۔
نوئیل ٹاٹا کو اپنی ’لو پروفائل‘ قیادت کے لیے جانا جاتا ہے، جو رتن ٹاٹا کے زیادہ عوامی کردار کے بالکل برعکس ہے۔ انہوں نے پہلی بار ٹاٹا گروپ میں سال 2000 میں شمولیت اختیار کی تھی۔
واضح رہے کہ 100 ارب ڈالر سے زیادہ آمدن والی کمپنی ٹاٹا ٹرسٹ بھارت کا ایک اہم ادارہ ہے جو تمام 14 ٹاٹا ٹرسٹوں کے معاملات کے انتظامات دیکھتا ہے۔
ٹاٹا ٹرسٹ ٹاٹا سنز میں 65.3 فیصد حصص رکھتا ہے اور ہندوستان کے سب سے بڑے کاروباری گروپ کی رہنمائی کے لیے کام کرتا ہے۔
خیال رہے کہ رتن ٹاٹا سال 2012 میں ٹاٹا گروپ کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوگئے تھے اور انہوں نے اپنی جگہ سائرس مستری کو چیئرمین بنایا تھا۔
بعد ازاں نامعلوم وجوہات کی بنا پر سائرس مستری کو غیر متوقع طور پر سال 2016 میں اس عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا جس کے بعد رتن ٹاٹا خود ٹاٹا گروپ کے نگران چیئرمین بن گئے تھے۔ اس کے ایک سال بعد سال 2017 میں نترجن چندر شیکھرن کو ٹاٹا گروپ کا نیا چیئرمین بنایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز معروف بھارتی کاروباری گروپ ’ٹاٹا‘ کے سربراہ رتن ٹاٹا اسپتال میں کچھ روز زیر علاج رہنے کے بعد چل بسے تھے۔
ٹاٹا سنز کے اعزازی چیئرمین رتن ٹاٹا کو دو روز قبل طبیعت کی ناسازی کے باعث تشویش ناک حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا ان کی عمر 86 برس تھی۔
ارب پتی تاجر رتن ٹاٹا 28 دسمبر 1937 کو پیدا ہوئے۔ وہ 1991 سے 2012 تک ٹاٹا گروپ کے چیئرمین رہے اور اس دوران انہوں نے کاروباری شعبے میں بہت سے ریکارڈ قائم کیے اور ٹاٹا گروپ کو بلندیوں تک پہنچایا۔