اسلام آباد : عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) نے ماہانہ نئے ٹیکس لگانے کا مطالبہ کردیا، جس میں ماہانہ اربوں روپے حاصل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے 10.3 ارب روپے کے ماہانہ نئے ٹیکس لگانے کا مطالبہ کردیا، جولائی تا ستمبر ٹیکس کی کم کلیکشن کا نوٹس لیتے ہوئے مزیدٹیکس لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے نے کہا کہ مشینری کی امپورٹ پر ایک فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس عائد کیا جائے، مشینری امپورٹ پر ایک فیصد ٹیکس سے 2 ارب ماہانہ حاصل ہوں گے۔
ادارے کا کہنا تھا کہ صنعتی خام مال ایک فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس عائد کیا جائے، جس سے ماہانہ 3.5 ارب کی آمدن ہوگی، اس کے ساتھ کمرشل امپورٹ کےخام مال پرایک فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس عائد کیا جائے، کمرشل امپورٹ کے خام مال پر ایک فیصد ٹیکس سے ماہانہ ایک ارب کی آمدن ہوگی۔
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے کہا کہ درآمدی سامان کی سپلائی پر 1 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لگانے سے ماہانہ ایک ارب آمدن ہوگی جبکہ خدمات پر ایک فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کئے جانے سے ماہانہ 50 کروڑ کی آمدن ہوگی۔
عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا تھا کہ مختلف ٹھیکے دینے پر ایک فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے سے ماہانہ 50 کروڑ آمدن ہوگی جبکہ مشروبات میں استعمال ہونے والی چینی پر ایکسائز ڈیوٹی میں 5 فیصداضافہ کئے جانے سے 2.3ارب روپے ماہانہ کی آمدن ہوگی۔