ہفتہ, دسمبر 21, 2024
اشتہار

مکینوں کا انخلا سے انکار، اسرائیل کا امریکی تحفظ میں جبالیہ میں ’قتل عام‘

اشتہار

حیرت انگیز

غزہ کے علاقے جبالیہ کیمپ میں صہیونی فوج کی بربریت کے مظاہرے جاری ہیں، تاہم انخلا کے احکامات ملنے کے با وجود مکینوں نے علاقہ چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق حماس نے اسرائیلی فوج پر شمالی غزہ کے جبالیہ علاقے میں ’’قتل عام‘‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملے ’’امریکی تحفظ میں نہتے شہریوں کے خلاف انتقامی کارروائی‘‘ کے طور پر کیے جا رہے ہیں۔

حماس کی جانب سے ہفتے کے روز ایک بیان میں اسرائیلی کارروائیوں کو ’نازیوں کی طرف سے قتل عام‘ قرار دیا، کیوں کہ جمعہ کو رات گئے اسرائیلی فوج نے جبالیہ میں ایک رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا، جس میں کم از کم 22 افراد جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہوئے۔

- Advertisement -

حماس نے کہا کہ یہ قتل عام ہمارے لوگوں کے خلاف جاری مجرمانہ نسل کشی کا تسلسل ہے، جسے امریکا کی جانب سے تحفظ حاصل ہے، اور شہریوں پر بڑھتے ہوئے یہ حملے دراصل آبادی کو اس بات کی سزا دینا ہے کہ انھوں نے نقل مکانی کو مسترد کر دیا۔

حماس نے کہا نازی دہشت گردوں کے جرائم اب دوسرے سال میں داخل ہو گئے ہیں اور دنیا پر واضح ہو گیا ہے کہ یہ بدمعاش، فاشسٹ اور خوں خوار ملک ہے، جو غزہ اور لبنانی آبادی میں ہمارے لوگوں کے خلاف مزید نسل کشی کے ذریعے بدلہ لینا چاہتا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جنگ کے پہلے ہی دن سے یہ اسرائیل کا منصوبہ تھا کہ غزہ سٹی سمیت شمالی غزہ کو خالی کرایا جائے، لیکن اب تک فلسطینی بالخصوص پٹی کے شمالی علاقوں میں لوگوں نے اپنا گھر بار چھوڑنے سے انکار کیا ہے۔

اسپین کا بین الاقوامی برادری سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ

جبالیہ میں مسلسل آٹھویں روز سے خوں ریز آپریشن جاری ہے، اسرائیلی فورسز نے آج صبح D-5 کے علاقے سے انخلا کا ایک اور حکم جاری کیا، لیکن لوگوں نے بہت مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود وہاں سے نکلنے سے انکار کر دیا۔

جبالیہ میں اسرائیلی فوج کی یہ پہلی زمینی کارروائی نہیں ہے۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں مرنے کو ترجیح دیتے ہیں، کیوں کہ ان کا ماننا ہے کہ غزہ کی پٹی میں کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے، اس لیے اگر وہ وہاں سے نکل جاتے ہیں تو وہ راستے میں ہی مارے جا سکتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں