جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

کراچی میں میاں بیوی سمیت 5 رکنی بھتہ خور گروہ پکڑا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی میں پولیس نے اقبال مارکیٹ سے میاں بیوی سمیت 5 رکنی بھتہ خور گروہ کو گرفتار کر لیا جو اب تک کئی تاجروں کو لوٹ چکا ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے بتایا کہ گروہ سے بھتہ خوری میں استعمال ہونے والا موبائل فون اور سم برآمد کر لی، گرفتار ملزمان میں شوہر کاشف، بیوی راحیلہ، شہزاد قیصر اور فیصل شامل ہیں۔

طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزم کاشف کاروباری شخصیات کو فون کر کے بھتہ طلب کرتا تھا، ملزمان بھتہ نہ دینے کی صورت میں گھروں پر پرچیاں دیتے تھے۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کاروباری شخصیات کو ان کے عزیزوں کی لوکیشن بتا کر بھی دھمکیاں دیتے تھے، بھتہ کی رقم لینے کیلیے ملزم کاشف اور اس کی بیوی راحیلہ جایا کرتے تھے۔

ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ گروہ نے 16 اگست کو تاجر عمران سے 10 لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا، اگلے روز ملزمہ نے عزیز آباد سے 4 لاکھ روپے وصول کیے تھے، 24 ستمبر کو گروہ نے تاجر محمد انتظار کو فون کر کے بھتے کا مطالبہ کیا تھا، گروہ نے تاجر کو ناگن چورنگی بلا کر ایک لاکھ روپے بھتہ وصول کیا۔

’گروہ نے 21 ستمبر کو تاجر عارفین کو بھتے کی پرچی اور گولی بھیجی جس پر تاجر نے خوفزدہ ہو کر ملزمان کو ایک لاکھ روپے بھتہ دیا، بھتہ خور گروہ کا ایک کارندہ جوہر آباد پولیس کے ہاتھوں مارا جا چکا ہے۔‘

طارق الٰہی مستوئی نے مزید بتایا کہ ملزمان کئی علاقوں میں ڈکیتیوں میں بھی ملوث رہ چکے ہیں، تفتیش کے دوران ملزمان نے ڈکیتیوں اور بھتہ خوری کی کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں