انگلینڈ کے ہاتھوں ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی بدترین شکست کے بعد سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے قومی ٹیم پر کڑی تنقید کی ہے۔
ہوم ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی انتہائی بری کارکردگی جاری ہے جس پر شائقن اور کرکٹ ماہرین نہایت افسردہ اور چراغ پا نظر آتے ہیں، اس موقع پر شعیب اختر نے بھی اس بدترین کارکردگی پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے عشرے سے پاکستان کرکٹر تنزلی کا شکار ہے۔
سرکاری چینل پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ جو بوئیں گے وہ کاٹے ہیں، پچھلے ایک عشرے سے میں نے یہ تنزلی دیکھی ہے اور یہ صورتحال بہت افسوسناک ہے۔
شعیب اختر نے کہا کہ ہارنے میں کوئی مسئلہ نہیں مگر میچ تو کلوز ہونے چاہئیں، ہم نے پچھلے دونوں میں دیکھا کہ پاکستان ٹیم نے بالکل ہی ہمت ہاری دی، انگلینڈ نے 800 پلس رنز بنالیے اور بنگلہ دیش کی ٹیم بھی ہمیں شکست دے رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ فینز کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چھوڑ دینا چاہیے، میں نے اس طرح کے کچھ کمنٹس دیکھے ہیں۔
تبصرے میں لکھا گیا تھا کہ آئی سی سی کو اس پر سوچنا چاہیے کہ ٹیموں کو پاکستان بھیجنا چاہیے یا نہیں اور ان کا ٹیسٹ اسٹیٹس برقرار رکھنا بھی چاہیے یا نہیں، اور یہ سب دیکھنا بہت دل توڑ دینے والا ہے۔
واضح رہے کہ شان مسعود کی کپتانی میں ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی بدترین پرفارمنس جاری ہے، ان کی قیادت میں قومی ٹیم لگاتار 6 ٹیسٹ میچز میں شکست کھا چکی ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف تو ٹیم 500 رنز بنانے کے بعد بھی ہار گئی۔