پنجاب گروپ آف کالجز (پی سی بی) کے باہر پولیس اہلکار کی جانب سے طالبات کو ڈرانے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی جی کیمپس 10 لاہور میں کالج کی طالبہ کو سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے دو روز قبل مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جب طلبا سراپا احتجاج ہوئے تو پولیس ان پر ٹوٹ پڑی۔
ایک پولیس اہلکار احتجاج کرنے والی طالبات کو ڈراتا رہا اور یہ کہا گیا کہ یہاں بچیاں موجود ہیں، کہیں ایک اور ایسا واقعہ رونما نہ ہوجائے۔
پولیس اہلکار کہتا ہے کہ میری بات سن لیں جو لوگ پڑھنا چاہتے ہیں وہ اندر چلے جائیں یہ کہنا تھا کہ احتجاجی طلبا نے کہا کہ کوئی نہیں پڑھنا چاہتا۔
پولیس اہلکار کہتا ہے کہ دیکھیں بیٹا اس طرح گیٹ اوپن ہے، بچیاں یہاں پر موجود ہے کوئی نیا واقعہ نہ ہوجائے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ طالبہ سے زیادتی کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کو سرگودھا سے گرفتار کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس طلابہ سے زیادتی ہوئی اس کے والد نے رابطہ کرلیا ہے۔
رانا سکندر حیات کے مطابق کالج کیمپس کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے، تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی گارڈ کی طالبہ سے زیادتی کے واقعے پر نجی کالج کے گلبرگ کیمپس کی رجسٹریشن معطل کردی گئی۔
طالبہ سے مبینہ زیادتی کے خلاف گلبرک کیمپس اور مسلم ٹاؤن کے طالبعلم سڑکوں پرآگئے، ٹائر اور لکڑیاں جلا کرسڑک بند کردی تھی۔
اس دوران پولیس اورطلبا کے درمیان تصادم ہوا، پولیس تشدد سے متعدد طالبعلم زخمی ہوئے تاہم صورتحال خراب ہونے پر وزیر تعلیم رانا سکندرحیات نجی کالج پہنچے تھے۔
رانا سکندرحیات نے بچوں کو انصاف کی یقین دہانی کراتے ہوئے بتایاکہ پرنسپل نے ثبوت ڈیلیٹ کیے، آوازاٹھانے پر انتظامیہ کی جانب سے بچوں کو دھمکانے کے آڈیو پیٖغامات موجود ہیں، کالج کے جو بھی اساتذہ ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔
احتجاج کے باعث قرطبہ چوک کی جانب سے جیل روڈ کوہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے اور شہریوں کومتبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔