بدھ, اکتوبر 16, 2024
اشتہار

گھر بیٹھے شناختی کارڈ کیسے بنوا سکتے ہیں؟ طریقہ کار سامنے آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناختی کارڈ بنوانے والوں کی بڑی پریشانی ختم کردی ، اب لمبی قطاروں میں لگنے کی ضرورت نہیں۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے بائیکر سروس متعارف کرائی گئی، جس کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنواسکیں گے۔

نئی سروس کے ذریعے شہری نادرا آفس جائے بغیر اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈزکے لیے درخواست دے سکتے ہیں یا اپنے گھر یا دفتر میں اپنی معلومات کو اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں۔

- Advertisement -

بائیکر سروس بک کرنے کا طریقہ

شہری نادرا کو 1777 پر کال کریں ، 1 دبا کر اختیارات کا انتخاب کریں، پھر سروس کے نمائندے سے بات کرکے تفصیلات شیئر کرنے کے بعد (جیسے کہ نئے سی این آئی سی کے لیے درخواست دینا یا ذاتی معلومات کو اپ ڈیٹ کرنا) آپ ملاقات کا وقت مقرر کر سکتے ہیں۔

ایک بار جب آپ کا شناختی کارڈ یا دوسری دستاویز تیار ہو جائے گی، نادرا اسے آپ کی دہلیز پر پہنچا دے گا، آفس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

فی الحال یہ سروس صرف راولپنڈی اور اسلام آباد میں دستیاب ہے۔ لیکن نادرا جلد ہی اسے دوسرے شہروں تک پھیلانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

خیال رہے اس سے قبل نادرا شہریوں کی آسانی کیلئے نادرا پاک آئی ڈی موبائل ایپ بھی متعارف کراچکا ہے، جس کے ذریعے شہری نئی سہولیات اور بہتر خدمات کے ساتھ آن لائن شناختی دستاویزات بنواسکتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں