جمعرات, اکتوبر 17, 2024
اشتہار

پاکستان کا انگلینڈ کو دوسرا ٹیسٹ جیتنے کے لیے 297 رنز کا ہدف

اشتہار

حیرت انگیز

ملتان میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگ میں پاکستانی بلے بازوں نے بولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا اور 221 رنز پر آؤٹ ہوکر انگلینڈ کو جیت کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا ہے

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ملتان میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں تیسرے روز پاکستان ٹیم نے انگلینڈ کو 291 رنز تک محدود کر کے 75 رنز کی قیمتی برتری حاصل کی تھی، تاہم دوسری اننگ میں ناکام ہو کر بڑی برتری لینے کا موقع ضائع کر دیا۔ میچ تیسرے روز ہی دلچسپ اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 114 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔ عبداللہ شفیق، شان مسعود ایک بار پھر ناکام رہے۔ ڈیبیو پر پہلی اننگ میں سنچری بنانے والے کامران غلام بھی صرف 26 رنز ہی بنا سکے۔ نائب کپتان سعود شکیل 31 رنز پر چلتے بنے۔

- Advertisement -

156 رنز پر 8 وکٹیں گر جانے کے بعد سلمان علی آغا نے ساجد خان کے ساتھ مل کر کچھ مزاحمت کی کوشش کی اور نویں وکٹ کے لیے 65 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔

اس موقع پر ساجد خان 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلے ہی اوور میں سلمان علی آغا کو 63 رنز پر بریڈن کرس نے قابو کر لیا۔

انگلینڈ کی جانب سے سب سے کامیاب بولر شعیب بشیر رہے جنہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ جیک لیچ نے تین اور بریڈن کرس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ساجد خان اور نعمان علی کی شاندار بولنگ کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگ میں 291 رنز پر ڈھیر ہوئی۔ ساجد نے 7 جب کہ نعمان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلش ٹیم کی جانب سے بین ڈکٹ نے 114 رنز کی اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز پاکستانی اسپنرز کے سامنے ٹک نہ سکا۔

پاکستان میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگ میں 366 رنز بنا کر آؤٹ ہوا تھا۔ کامران غلام نے ڈیبیو پر شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 118 رنز کی اننگ کھیلی تھی جب کہ صائم ایوب نے 77 رنز بنائے تھے۔

یاد رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں چار جب کہ انگلینڈ نے دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

پاکستان نے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ کو آرام دے کر ان کی جگہ کامران غلام، ساجد خان اور نعمان علی کو شامل کیا جب کہ بیمار اسپنر ابرار احمد کی جگہ زاہد محمود نے پُر کی۔

انگلینڈ کے ریگولر کپتان بین اسٹوکس کی انجری کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی جب کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے فاسٹ بولرز گس اٹکنسن اور کرس ووکس کو آرام دے کر فاسٹ بولر میٹ پوٹس کو شامل کیا گیا۔

واضح رہے کہ ملتان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگ اور 47 رنز کی عبرت ناک شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔

مذکورہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور پاکستان مسلسل شکستوں کے بعد پوائنٹ ٹیبل پر سب سے آخری نویں نمبر پر پہنچ چکا ہے جس کے بعد اس کے فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور ہوچکا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں