جمعہ, اکتوبر 18, 2024
اشتہار

پی ٹی آئی نے آئینی ترامیم کا مسودہ مشترکہ منظور ہونے کی تردید کردی

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آئینی ترمیم کا مسودہ مشترکہ منظور ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی عامر ڈوگر نے خصوصی کمیٹی میں مسودے کی مخالفت کی، منظوری کے وقت جے یو آئی ف کی رکن شاہدہ رحمان نے بھی اتفاق نہیں کیا۔

عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ میں نے آئینی ترامیم کے مسودے کی مخالفت کی ہے، جے یو آئی کی ممبر نے بھی مخالفت کی، کمیٹی کو بتایا ہماری لیڈر شپ کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات جاری ہے، موقف تھا مسودے کی منظوری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے مشروط ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ کمیٹی سے کہا کہ حتمی منظوری کے لیے اڈیالہ جیل جانا پڑے گا۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق کمیٹی نے ہماری تجاویز نظرانداز کرکے اپنے طور پر مسودہ منظور کیا، ریکارڈ پر رہنا چاہیے کہ پی ٹی آئی نے مسودے کی مخالفت کی ہے۔

واضح رہے کہ آئینی ترامیم کیلیے قائم کی گئی پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے آئینی ترامیم کا مسودہ منظور کر لیا جس میں 26 شقوں کی منظوری دی گئی۔

چیئرمین خورشید شاہ کی زیر صدارت پارلیمانی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں تمام پارلیمانی پارٹیز کی نمائندگی تھی۔

اجلاس میں ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، پی ٹی آئی کے رکن عامر ڈوگر، جے یو آئی ایف کی رکن شاہدہ اختر علی، مسلم لیگ (ن) سے عرفان صدیقی، ایم کیو ایم سے امین الحق، پیپلز پارٹی سے راجہ پرویز اشرف اور شیری رحمان، رانا تنویر، سینیٹر انوشہ رحمان، چوہدری سالک حسین، اعجاز الحق، خالد حسین مگسی اور دیگر شریک رہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں خورشید شاہ نے بتایا کہ کمیٹی کی جانب سے منظور مسودے کی منظوری کابینہ دے گی، اجلاس میں مسودے کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔

قبل ازیں، پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر صحافی نے سوال کیا تھا کہ کیا آئینی ترامیم ہو جائے گی؟ اس پر خورشید شاہ نے جواب دیا تھا کہ پوری کوشش ہوگی۔ صحافی نے پھر پوچھا تھا کہ آج ہو جائے گی؟ تو جواب دیا کہ جلد بازی اچھی نہیں ہوتی۔

راجہ پرویز اشرف نے صحافیوں کے سوال پر جواب دیا تھا کہ بڑی اچھی اور مثبت پیشرفت ہو رہی ہے جبکہ اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ترامیم کیلیے کوششیں جاری ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں