جمعہ, دسمبر 6, 2024
اشتہار

ملتان : آتش بازی کے سامان میں خوفناک دھماکا، 4 افراد جاں بحق، عمارت زمیں بوس

اشتہار

حیرت انگیز

ملتان : تین منزلہ عمارت میں رکھے ہوئے آتش بازی کے سامان میں زور دار دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے، دھماکے سے عمارت زمیں بوس ہوگئی، لوگ ملبے تلے دب گئے۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ دہلی گیٹ آغا پورہ کی ایک عمارت میں پیش آیا جس کے اندر آتش بازی کا سامان تیار کیا جاتا تھا پانچ مرلے کی تین منزلہ عمارت ریاض نامی شخص کی ملکیت ہے۔

تین منزلہ عمارت میں رکھے گئے آتش بازی کے سامان میں اچانک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 9 افراد ملبے تلے دب گئے جبکہ ایک خاتون سمیت 4 افراد نے موقع پر دم توڑ دیا۔

- Advertisement -

اے آر وائی نیوز ملتان کے بیورو چیف یاسر شیخ کی رپورٹ کے مطابق دھماکا گیس لیکج کے باعث ہوا،  آس پاس کے مکانات کو بھی نقصان پہنچا، اب تک 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے سے تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی ملبے تلے دب کر 9 افراد زخمی ہوئے جن میں سے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریسکیو عملے نے بروقت پہنچ کر 4 افراد کی لاشیں اور 5 افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال لیا جنہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

آتش گیر مواد میں وقفے وقفے سے مسلسل دھماکے ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں دشواری کا سامنا ہے، مقامی افراد کے مطابق گھر میں آتش بازی کا سامان تیار کیا جاتا تھا۔

سی پی او ملتان سمیت پولیس افسران اور پولیس کی بھاری نفری موقع پرموجود ہے، امدای کارروائیاں بھی جاری ہیں، دھوئیں کے گھرے بادلوں کی وجہ سے ریسکیو کے کام میں مشکلات پیش آرہی ہیں، ریسکیو کی متعدد گاڑیاں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا سختی سے نوٹس لے کر آر پی او ملتان سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، آئی جی پنجاب نے سی پی او ملتان کو واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہاں کھلے عام پولیس کی سرپرستی میں آتش بازی کا سامان بنانے کا کام گزشتہ کئی سال سے جاری ہے۔

یاد رہے کہ حیدرآباد میں رواں سال 2024کے آغاز پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی سے 8 افراد شدید زخمی ہوگئے تھے۔

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں