ہفتہ, اکتوبر 19, 2024
اشتہار

امریکہ کا ’را کے ایجنٹ‘ کیخلاف بڑا فیصلہ، ملزم کا پوسٹر جاری

اشتہار

حیرت انگیز

امریکی محکمہ انصاف نے امریکی شہری کے ‌قتل کی سازش کے الزام میں بھارت کی خفیہ ایجنسی’را‘ کے ایک ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آئی نے بھارتی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسز ونگ ’را‘ کے اہلکار کو مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے وکاش یادو کا پوسٹر جاری کیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف نے پہلی بار اس طرح کا غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے نہ صرف اس ایجنٹ کا نام اور دفتر کے ایڈریس کی تفصیلات جاری کی ہیں بلکہ اس کی تصویر بھی شائع کی۔

- Advertisement -

امریکی محکمہ انصاف نے بھارتی ایجنٹ وکاش یادو پر گزشتہ روز فرد جرم عائد کی تھی، گرپتونت سنگھ پنوں کی قاتلانہ سازش میں بھارتی شہری نکھل گپتا امریکی حراست میں ہے۔

ڈائریکٹر ایف بی آئی کرسٹوفر رے کا کہنا ہے کہ نکھل گپتا اور وکاش یادو امریکی شہری کی قاتلانہ سازش میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آئی اپنی سرزمین پر اس طرح کے پر تشدد واقعات برداشت نہیں کرے گی،

علاوہ ازیں کینیڈا نے بھی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں ملوث را ایجنٹ کے شناخت جاری کر دی ہے، کینیڈین حکومت کا کہنا ہے کہ را ایجنٹ پون کمار رائے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے ابھی تک اس ایجنٹ کا نام مخفی رکھا تھا اور عدالت میں داخل کی گئی ایک فرد جرم کی درخواست میں اسے صرف بھارتی حکومت کا ایک ملازم بتایا گیا تھا اور اس کا نام کوڈ میں ’سی سی 1‘ کے طور پر بتایا گیا تھا۔

یہ وارنٹ ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے، جب بھارت کی تفتیشی ٹیم اس معاملے میں امریکی تفتیش کاروں سے اشتراک کے لیے واشنگٹن کے دورے پر ہے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے گزشتہ روز ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ اس معاملے میں امریکہ نے بھارتی حکومت کے جس ملازم کا نام لیا اب وہ سرکاری ملازم نہیں ہے۔

ترجمان کا اشارہ را کے اس مبینہ ایجنٹ کی طرف تھا جسے چند ہفتے قبل خفیہ ایجنسی سے ہٹا دیا گیا تھا تاہم انہوں نے اس کی شناخت یا محکمہ وغیرہ ظاہر نہیں کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں