پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی ٹیم کے لیے چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان میں کھیلنے کے لیے ایک اور تجویز دے دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے پاکستان میں میچ کھیل کر وطن واپس جانے کی آفر کی ہے، میچ کھیلنے کے بعد ٹیم چنڈی گڑھ یا نئی دہلی ٹریول کرسکتی ہے۔
میچ کے بعد بھارتی ٹیم اگر چاہے تو ان شہروں میں سے کسی ایک میں قیام کرسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رہائش کے لیے دہلی یا چندی گڑھ رہنے کا آپشن سیکیورٹی خدشات کے باعث دیا گیا، پی سی بی نے بھارت کے راؤنڈ کے تین میچز لاہور اور پنڈی کرانے کی رضامندی ظاہر کی ہے۔
اس کے علاوہ پاک بھارت بورڈز کے درمیان ہونے والے رابطوں کے دوران مختلف آپشنز پر بات ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بھارت کے میچز ایک کی بجائے دو وینیوز پر رکھنے کی تجویز سامنے آچکی ہے جب کہ پی سی بی لاہورکے ساتھ دوسرے وینیو راولپنڈی کو رکھنے پر رضامندی ظاہرکرچکا ہے۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کے 3 گروپ میچزلاہورمیں (زیادہ ٹریولنگ نہ ہونے کی وجہ سے) شیڈول ہیں۔
تاہم بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان جانے یا نہ جانے کا فیصلہ بھارتی حکومت کوکرنا ہےلیکن بھارتی حکومت یا بھارتی کرکٹ بورڈ نے تاحال چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کا اعلان نہیں کیا ہے۔