اتوار, اکتوبر 20, 2024
اشتہار

’کے ایل راہول‘ کو ٹیم سے ڈراپ کیا جائے، بھارتی شائقین پھٹ‌ پڑے

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی کرکٹ ٹیم کے بلے باز کے ایل راہول کو نیوزی لینڈ کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں خراب کارکردگی پر شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ہوم گراؤنڈ ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں بیٹنگ میں دوسری بار ناکامی کے بعد ایک بار پھر انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پر ٹرول کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر شائقین اپنے غم و غصے کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے کے ایل راہول کو اگلے ٹیسٹ سے ڈراپ کرنے مطالبہ کررہے ہیں۔

- Advertisement -

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کے ایل راہول نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ انتہائی مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا۔

بلے باز نے دونوں اننگز میں کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھائی، انہوں نے بنگلور کے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صفر اور دوسری میں صرف 12 رنز اسکور کیے۔

بھارت کی دوسری اننگز کے دوران کے ایل راہول اُس وقت بیٹنگ کے لیے آئے جب 85ویں اوور میں سرفراز خان 150 کے اسکور پر اعجاز پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

بھارت پہلے ہی ایک اچھی پوزیشن میں تھا، چار وکٹوں کے نقصان پر 408 رنز بنا چکا تھا، یہ چوتھے دن کی پہلی وکٹ تھی، اس اننگز میں رشبھ پنت اور سرفراز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

شائقین کرکٹ کو کے ایل راہول سے یہ توقع تھی کہ وہ اس موقع پر جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور کی رفتار کو برقرار رکھیں گے حالانکہ سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد رشبھ پنت نے بہتر انداز میں کھیلتے ہوئے بالرز کا جم کر مقابلہ کیا۔

دوسری جانب کے ایل راہول نے بہت محتاط انداز سے بیٹنگ کا آغاز کیا بدقسمتی سے اسٹار وکٹ کیپر اور بلے باز رشبھ پنت 99 رنز کے اسکور پر ولیم او رورک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پنت کے آؤٹ ہونے کے بعد جلد ہی چائے کے وقفے سے پہلے کے ایل راہول کی وکٹ بھی گرگئی۔

کے ایل راہول کے ناقص کھیل کو دیکھتے ہوئے شائقین نے سوشل میڈیا پر ان کی کارکردگی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا اور انہیں بھارتی ٹیسٹ ٹیم سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔

کئی سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ چونکہ سرفراز نے شاندار سنچری اسکور کی ہے، انہیں پلیئنگ الیون سے نکالنے کے بجائے ان کی جگہ کے ایل راہول کو ٹیم سے ڈراپ کیا جانا چاہیے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں