پاکستان اور انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں تین روزہ پریکٹس سیشن کے لیے پنڈی اسلام آباد میں سیکیورٹی اور ٹریفک پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ 24 اکتوبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ میچ کی تیاریوں کے لیے ٹیمیں آج سے پریکٹس سیشن کریں گی۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آج سے تین روز تک پنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کرکے فیصلہ کن میچ کے لیے اپنے ہتھیاروں کو آزمائیں گی اور خامیاں دور کریں گی۔
پریکٹس سیشن کے لیے سیکیورٹی منصوبے کے تحت راولپنڈی پولیس کے 3200 افسران واہلکار سیکیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
دوران پریکٹس تھانوں کی موبائل، ایلیٹ اور ڈولفن اسکواڈ اسٹیڈیم کے اطراف گشت کریں گے۔ اسٹیڈیم کی چھت پر اسنائپرز تعینات کیے جائیں گے۔
ٹریفک انتظامات کیلیے 370 افسران فرائض سر انجام دیں گے۔ سینئر افسران فیلڈ میں سیکیورٹی پر مامور فورس کو چیک اور بریف کریں گے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پریکٹس سیشنز کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔ ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم نے میزبان ٹیم اننگ اور 47 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے زیر کیا تھا۔