سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس نے ناظرین کو ششدر کر دیا ہے، بے ہوش آدمی کو ہوش میں لانے کے لیے ایک اسٹینڈرڈ طریقہ کار ہے جسے ’سی پی آر‘ کہا جاتا ہے، اس طریقے کو ایک سانپ کی جان بچانے کے لیے استعمال کیا گیا۔
اس واقعے میں بھارتی شہر گجرات کے ودودرا علاقے میں وائلڈ لائف ریسکیو کے ماہر یش تدوی نے ایک غیر معمولی قدم اٹھا کر سانپ کی جان بچائی ہے، جس کی ویڈیو X پر وائرل ہوئی ہے۔
یش کو راہ چلتے چلتے سڑک کے کنارے ایک سانپ پڑا ہوا نظر آیا، جو بے حس و حرکت تھا، سب سے پہلے تو اس نے یہ اندازہ لگایا کہ سانپ زندہ ہے اور غیر زہریلا بھی ہے، اس کے بعد یش نے دیکھا کہ سانپ کو سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے۔
یش نے فوراً سی پی آر کیا اور سانپ کی جان بچا لی، اس حیرت انگیز واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یش نے جب سانپ کو سانسیں دیں تو وہ کچھ ہی لمحوں میں حرکت کرنے لگے۔