انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس میں شرکت کے لیے چیئرمین پی سی بی دبئی روانہ ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی دبئی روانہ ہوگئے ہیں وہ آج آئی سی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ان کی بھارتی کرکٹ بورڈ حکام سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
آئی سی سی بورڈ اجلاس میں آئندہ سال پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں پر بات ہوگی اور پی سی بی سربراہ اب تک ہونے والی پیش رفت پر شرکا کو اعتماد میں لیں گے۔
آئی سی سی اجلاس 19 اکتوبر سے جاری ہے، جس میں چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر پہلے سے ہی مختلف میٹنگز میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے موجود ہیں۔
آج آخری روز ہونے والا بورڈ اجلاس پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ پی سی بی سربراہ قذافی اسٹیڈیم ، نیشنل بنک کراچی اور پنڈی میں رنیووشن کاموں پر اجلاس میں بریفینگ دیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کے وفود بھی پاکستان آکر یہاں جاری تعمیراتی کاموں اور سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کر چکے ہیں جب کہ آئی سی سی بورڈ ممبران نے چیمپئِنز ٹرافی کا بجٹ بھی منظور کر رکھا ہے۔