منگل, اکتوبر 22, 2024
اشتہار

پی پی پی، ن لیگ اور جے یو آئی عوام کے مجرم ہیں، وکلا ایکشن کمیٹی

اشتہار

حیرت انگیز

وکلا ایکشن کمیٹی کے رہنما سینئر وکیل علی احمد کرد کہتے ہیں کہ جن لوگوں نے آئینی ترامیم منظور کیں وہ سب پاکستان اور قوم کے مجرم ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وکلا ایکشن کمیٹی کے رہنما اور سینئر وکیل علی احمد کرد نے کوئٹہ میں دیگر وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ساری ترامیم بدنیتی کی بنیاد پر صرف ایک آدمی کو ہدف بنا کر کی گئیں جو جسٹس منصورعلی شاہ ہیں۔ صبح قومی اسمبلی سے آئینی ترمیم پاس ہوئی اور صدر نے فوری دستخط بھی کر دیے۔

علی احمد کرد نے کہا کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ، جے یو آئی اور ترامیم کرنے والے یہ سب پاکستان اور عوام کےمجرم ہیں۔ ان جماعتوں نے بحیثیت سہولت کار کام کیا ہے۔ ہم وکلا ان ترامیم کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم تحریک چلائیں گے اور آئین پر جو کالک ملی گئی ہے وہ ان ترامیم کو ختم کرا کے مٹائیں گے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں کہ کسی ایک سینیٹر یا رکن اسمبلی نے یہ ترامیم پڑھ کر انگوٹھا لگایا ہو۔ جنہوں نے آئینی ترامیم پر انگوٹھے لگائے، ان کا سیاست میں صفایا ہوگیا۔

سینئر وکیل نے کہا کہ مرضی کا چیف جسٹس لا کر عدلیہ کو ختم کیا جا رہا ہے۔ آئینی بینچ میں انگوٹھا چھاپ سینیٹر اور ایم این اے بیٹھے گا اور وہ جج کو لگائے گا تو پھر انصاف نہیں ہوگا۔ ایسی عدالتوں میں قانون کے مطابق نہیں بلکہ حکومت کی مرضی کے فیصلے ہوں گے۔

علی احمد کرد نے مزید کہا کہ آج جسٹس منیر یا مولوی تمیز الدین کا زمانہ نہیں، طاقتور بارز موجود ہیں۔ آئینی ترامیم کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان نہیں بلکہ سردار اختر مینگل کے کردار کو سراہتا ہوں۔ مولانا کو حکومت کے ساتھ نہیں جانا چاہیے تھا۔

صدر بلوچستان ہائیکورٹ بار افضل حریفال نے کہا کہ جمہوریت کا راگ الاپنے والے جعلی اکثریت کا سہارا لے رہے ہیں۔ آئینی ترامیم کر کے حکومت نے اپنی مرضی کے جج رکھ لیے ہیں۔ ججز سے درخواست ہے کہ عدلیہ کو بچانے کے لیے وہ بھی سامنے آئیں ورنہ ان کی حالت بھی موجودہ پارلیمنٹ جیسی ہوگی۔

راحب بلیدی ایڈووکیٹ نے کہا کہ کل پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔ آئینی ترامیم سے عدلیہ کے انفرااسٹرکچر کو تباہ کیا گیا ہے۔ اب ملک میں آئینی نہیں بلکہ سیاسی عدالتیں ہوں گی۔ حکومت کیخلاف رٹ وہ بینچ سنے گی، جسے حکومت نے تشکیل دیا ہوگا۔

 ہم منصور علی شاہ کے سوا کسی کو چیف جسٹس نہیں مانیں گے، حامد خان

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں