منگل, اکتوبر 22, 2024
اشتہار

آئینی ترامیم کے لیے ووٹ دینے والے سینیٹر قاسم رونجھو نے استعفیٰ دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: آئینی ترامیم کے لیے ووٹ دینے والے سینیٹر قاسم رونجھو نے استعفیٰ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے منحرف سینیٹر قاسم رونجھو سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے، انھوں نے سیکریٹری سینیٹ کو اپنا استعفیٰ جمع کرا دیا۔

قاسم رونجھو سینیٹ میں بی این پی مینگل کے پارلیمانی لیڈر بھی ہیں، سردار اختر مینگل نے ان سے اور سینیٹر نسیمہ احسان سے استعفیٰ طلب کیا تھا، کیوں کہ ان دونوں سینیٹرز نے آئینی ترامیم کے لیے ووٹ دیا تھا۔

- Advertisement -

دونوں سینیٹرز نے پارٹی لائن سے منحرف ہو کر 26 ویں آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ دیا تھا، جس پر اختر مینگل نے انھیں پارلیمنٹ کے ایوان بالا سے مستعفی ہونے کو کہہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے قائم مقام صدر ساجد ترین نے الزام عائد کیا تھا کہ ’’سرکاری اہلکاروں‘‘ نے سینیٹر رونجھو کو ان کے بیٹے اور ڈرائیور سمیت اغوا کیا ہے، انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سینیٹر نسیمہ احسان کے شوہر اور بیٹے سے بھی کوئی رابطہ نہیں تھا، جن کے بارے میں خیال ہے کہ انھیں اٹھایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آئینی ترامیم کے بعد اب اہم سوال یہ ہے کہ نیا چیف جسٹس کون ہوگا؟ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اس سلسلے میں اجلاس آج شام 4 بجے ہوگا، پہلے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی کا تقرر کیا جائے گا، چیف جسٹس کے لیے وزارت قانون کے ذریعے 3 سینیئر ترین ججوں کا پینل مانگا جائے گا، 12 رکنی کمیٹی 3 سینئر ترین ججوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے گی، تحریک انصاف نے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سےالگ رہنے کا اعلان کیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں