منگل, اکتوبر 22, 2024
اشتہار

جعلی عدالت نے تہلکہ مچا دیا، نقلی جج نے کئی فیصلے سنا دیے

اشتہار

حیرت انگیز

احمد آباد: بھارتی ریاست گجرات میں ایک جعلی عدالت نے تہلکہ مچا دیا ہے، جس کے نقلی جج نے کئی فیصلے بھی سنا دیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک جعلی عدالت پکڑی گئی ہے، پولیس حکام نے ایک وکیل کو پکڑا جو جج بن کر کئی برس سے لوگوں سے فراڈ کر رہا تھا۔

دل چسپ بات یہ ہے کہ یہ جعلی عدالت احمد آباد کے سول کورٹ میں کافی عرصے سے چلائی جا رہی تھی، جس میں وکیل مورس کرسچن نے جعلی جج کا روپ دھار کر متنازعہ زمینوں سے متعلق مقدمات میں کئی احکامات صادر کیے۔

- Advertisement -

جعلی عدالت کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک کیس احمد آباد سٹی سیشن کورٹ کے جج کے پاس پہنچ گیا، جس کے بعد رجسٹرار کے ذریعے پولیس تھانے میں شکایت درج کرائی گئی، اور پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد مورس کرسچن کو گرفتار کر لیا۔

احمد آباد کی اس فرضی عدالت کے جعلی جج مورس کرسچن پر الزام ہے کہ اس نے جعلی ٹریبونل بنایا اور خود کو جج کے طور پر پیش کیا، رجسٹرار ہاردک دیسائی کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے دوسرے لوگوں کے ساتھ مل کر ٹھاکر باپوجی چھانا جی کے نام پر مجرمانہ سازش رچی، اور خود کو ثالث کے طور پر پیش کیا۔

بھارت میں انوکھا فراڈ، جعلی سپریم کورٹ نے ارب پتی کو کنگال کر ڈالا

یاد رہے کہ رواں ماہ اسی طرح کے ایک اور کیس میں نوسر بازوں نے جعلی سپریم کورٹ بنا کر ارب پتی کاروباری کو کنگال کر دیا تھا، فراڈ کا یہ انوکھا واقعہ بھارتی شمالی ریاست پنجاب میں پیش آیا تھا، جہاں چند انتہائی چالاک فراڈیوں نے بھارت کے ٹیکسٹائل گروپ وردھان کے 82 سالہ چیئرمین ایس پی اوسوال کو کروڑوں روپے کا چونا لگایا۔

ملزمان نے وردھان کے چیئرمین کو منی لانڈرنگ کے جرم میں جیل بھیجنے کی دھمکی دے کر ان سے 830,000 ڈالرز کی رقم بطور فنڈ اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کروا دی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں