یمن کےحوثیوں نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
حوثیوں سے وابستہ میڈیا کے مطابق ترجمان یحییٰ نے کہا کہ تل ابیب میں اسرائیلی فوجی اڈے کو ہائپرسونک بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔
ترجمان کی جانب سے مختصر بیان جاری کیا گیا ہے جس میں حملے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں جب کہ اسرائیل کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
اس سے قبل حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر شدید بمباری کی گئی ہے، جس کے بعد شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
روئٹرز کے مطابق لبنان کی حزب اللہ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اس نے تل ابیب کے مضافات میں نیریت کے علاقے پر میزائلوں سے بمباری کی ہے، اور اسرائیلی کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے راکٹ حملوں سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب گونج اٹھا، شہر بھر میں سائرن بجا دیے گئے، اور اسرائیلی فورسز نے تل ابیب میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔
حملوں سے خوف زدہ ہو کر تل ابیب میں بین گوریون ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن روک دیا گیا، لاکھوں لوگ پناہ گاہوں میں چھپ گئے، جب کہ حملوں کے فوراً بعد رات کو نابلس میں داخل ہونے والی ایک بس کو مقبرے میں رات بھر پناہ لینی پڑی، جسے اسرائیلی فورسز نے صبح وہاں سے بہ حفاظت نکالا۔