اسلام آباد : جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعینات کردی گئی، تعیناتی 26 اکتوبر سے 3 سال کیلئے کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دے دی۔
صدر مملکت نے جسٹس یحییٰ کی تعیناتی 26 اکتوبر سے 3 سال کیلئے کی اور تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 اے (3)، 177 اور 179 کے تحت دی۔
صدر مملکت نے جسٹس یحییٰ سے 26 اکتوبر کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لینے کی بھی منظوری دے دی۔
مزید پڑھیں : یحییٰ آفریدی نئے چیف جسٹس پاکستان نامزد
گذشتہ روز خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ کے نام کی منظوری دی تھی ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے بتایا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ کو دو تہائی اکثریت سے نامزد کیا، ان کا نام وزیر اعظم کو بھیج دیا ہے، وزیر اعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت نئے چیف جسٹس کی منظوری دیں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا جے یو آئی سینیٹر کامران مرتضیٰ نے جسٹس یحییٰ کے نام پر اتفاق نہیں کیا تھا کیونکہ سینیارٹی کے لحاظ سے جسٹس یحییٰ تیسرے نمبر پر تھے، جسٹس منصور علی شاہ پہلے اور جسٹس منیب اختر دوسرے نمبر پر تھے۔
خیال رہے 25 اکتوبر کو چیف جسٹس قاضی فائز کی مدت ختم ہونے پر جسٹس یحییٰ عہدہ سنبھالیں گے۔