منگل, جون 24, 2025
اشتہار

اقوام متحدہ کی بانی دستاویز کو نظر انداز کرنے پر بحران مزید گہرے ہوں گے، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی 79 ویں سالگرہ پر پیغام جاری کیا ہے جس میں اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی 79 ویں سالگرہ کے موقع پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں طاقتور قوتوں کی جانب سے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی بھی نشاندہی کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی 79 ویں سالگرہ کا دن یو این چارٹر کے مقاصد کے حصول کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، لیکن جب تک اقوام متحدہ کی بانی دستاویز کی دفعات کو نظر انداز کیا جائے گا، تب تک بحران مزید گہرے ہوتے رہیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ چارٹر کا منصفانہ طریقے سے نفاذ بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ اقوام متحدہ کی حق خود ارادیت کی قراردادوں کے باوجود مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات اب بھی حل پذیر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی، جغرافیائی، سیاسی تناؤ میں اضافہ، گلوبل ساؤتھ کی گہری ہوتی اقتصادی مشکلات عالمی نظام کے بڑے چیلنجزکی نشاندہی کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے اس دن پر، میں کثیرالجہتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ ہم اس دنیا کو سب کے لیے ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ تمام لوگوں کے حقوق بالخصوص جائز اور ناقابل تنسیخ حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو ان کے حقوق دلائے جا سکیں۔

واضح رہے کہ آج اقوامِ متحدہ کے قیام کو 79 سال مکمل ہو گئے۔ یہ ادارہ دوسری عالمی جنگ کے اختتام پر 24 اکتوبر 1945 کوقائم کیا گیا تھا، جس کا مقصد بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کو برقرار رکھنا تھا۔

اس کے ساتھ اپنے شہریوں کےلیے اعلیٰ معیار زندگی کا حصول، معاشی، سماجی، صحت اور متعلقہ مسائل کو حل کرنا بھی اس کے قیام کے مقاصد میں شامل ہے۔

اقوام متحدہ کے قیام کے بعد سے ہونے والی جنگوں اور دنیا کے مختلف خطوں میں جاری تنازعات کے باعث اس ادارے پر جانب داری کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ دنیا میں بہت سے مسائل اس کے قیام سے اب تک حل طلب ہیں، جس میں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین سرفہرست ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں