جمعہ, اکتوبر 25, 2024
اشتہار

پنڈی ٹیسٹ: پاکستان پہلی اننگ میں 344 پر آؤٹ، انگلینڈ پر 77 رنز کی برتری

اشتہار

حیرت انگیز

انگلینڈ کے خلاف پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم پہلی اننگ میں 344 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز پاکستانی بلے بازوں بالخصوص نائب کپتان سعود شکیل اور ساجد خان کے نام رہا۔ قومی ٹیم انگلینڈ کی پہلی اننگ 267 رنز کے جواب میں 344 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ یوں اسے مہمان ٹیم پر 77 رنز کی قیمتی برتری حاصل ہوگئی۔

ایسے وقت میں جب پاکستانی بیٹرز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گر رہی تھیں۔ نائب کپتان سعود شکیل ایک اینڈ پر ڈٹے رہے اور اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی۔ وہ 134 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ساجد خان صرف 2 رنز کی کمی سے اپنی پہلی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے وہ 48 رنز کے ساتھ نا قابل شکست رہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

- Advertisement -

دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نا مکمل اننگ کا آغاز 3 وکٹوں پر 73 رنز سے کیا۔ کپتان شان مسعود ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 26 رنز بنا کر شعیب بشیر کی وکٹ بن گئے۔ محمد رضوان نے 25، عامر جمال 14 اور سلمان علی آغا نے ایک رن بنایا، تینوں وکٹیں ریحان احمد نے حاصل کیں۔

177 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد سعود شکیل نے نعمان علی کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ کے لیے 88 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ قائم کی۔ نعمان علی 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

سعود شکیل کو ساجد خان نے جوائن کیا اور نویں وکٹ کے لیے 72 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ اس دوران ساجد خان نے جارحانہ انداز اپنایا اور 48 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 48 رنز کی اننگ کھیلی۔ ان کی اننگ میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

 

پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے بیٹر زاہد محمود تھے جنہیں بغیر کوئی رن بنائے ریحان احمد نے بولڈ کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے ریحان احمد نے 4، شعیب بشیر نے 3، اٹکنسن نے دو  جب کہ جیک لیچ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلش کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم پاکستانی اسپنرز کے جال میں پھنس کر 267 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ جیمی اسمتھ (89) اور بین ڈکٹ (52) کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اسپنرز کی گھومتی گیندوں کا سامنا کرنے سے قاصر رہا تھا۔

انگلش ٹیم کے پانچ بیٹر ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے تھے۔ گس اٹکنس (39)، زک کرولی (29)، جیک لیچ (16) اور بین اسٹوکس (12) رنز ہی بنا سکے۔

پاکستانی اسپنرز نے مسلسل تیسری اننگ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم کو ٹھکانے لگایا۔ ساجد خان نے 6 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نعمان علی نے تین اور زاہد محمود نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگ کا آغاز بھی اچھا نہ ہوا اور پہلے دن کے اختتام پر 46 رنز پر 3 وکٹیں گر چکی تھیں۔ عبداللہ شفیق (14)، صائم ایوب (19) اور کامران غلام (3) رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔ پنڈی ٹیسٹ سیریز کی فاتح ٹیم کا فیصلہ کرے گا۔ ٹیسٹ ڈرا ہونے کی صورت میں سیریز بھی برابر رہے گی۔

پنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے ملتان ٹیسٹ کے وننگ اسکواڈ کو برقرار رکھا گیا ہے جب کہ انگلش ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں