اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت کے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سب انسپکٹر حیدر شاہ شہید ہوگئے، جبکہ شہداد کوٹ میں ڈاکوؤں سے مقابلے کا زخمی اہلکار بھی جان کی بازی ہار گیا۔
فائرنگ کا واقعہ سب انسپکٹر حیدر علی شاہ کے گھر کے باہر پیش آیا، گولیاں لگنے بعد ان کو انتہائی تشویشناک حالت میں پولی کلینک منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سب انسپکٹر حیدر علی شاہ شعبہ تفتیش تھانہ انڈسٹریل ایریا میں تعینات تھے۔
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار مسلح ملزمان نے حیدر علی شاہ پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، واقعے کی مختلف زاویوں سے تفتیش کی جارہی ہے۔
شہداد کوٹ : ڈاکوؤں سے مقابلے میں زخمی پولیس اہلکار شہید
علاوہ ازیں شہداد کوٹ میں سبزی منڈی روڈ پر ڈاکوؤں سے مقابلے کا زخمی پولیس اہلکار اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
شہداد کوٹ پولیس کے مطابق گولیاں لگنے سے شدید زخمی اہلکارکو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
شہید اہلکار گزشتہ روز تھانہ اے سیکشن کی حدود میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران زخمی ہوا تھا، شہید اہلکار گدا حسین کو پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
قبل ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) محافظ سمیت جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی ٹیم معمول کے گشت پر تھی کہ اچانک ملزمان نے فائرنگ کردی۔