لاہور: موٹر وے پولیس نے جلتی ہوئی کار سے مسافروں کو بحفاظت نکال لیا، پٹرول لیک ہونے کی وجہ سےکار میں آگ لگی تھی۔
تفصیلات کے مطابق موٹر وے پولیس ایم 2 نے فرض شناسی کی مثال قائم کردی، ترجمان نے بتایا کہ موٹر وے پولیس نے جلتی ہوئی کار سے مسافروں کو بحفاظت نکال لیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سیال موڑ کے قریب پٹرولنگ افسران نےگاڑی میں آگ کونوٹس کیا، کارچارسدہ سے فیصل آباد جارہی تھی کہ پولیس نے کار کو روک کرجلنے سے بچالیا، پٹرول لیک ہونے کی وجہ سےکار میں آگ لگی تھی۔
بروقت ریسکیو پر مسافروں نے موٹر وے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا اور ڈی آئی جی مسرور عالم کلاچی نے افسران کوفرض شناسی پرشاباشی دی۔
ایڈیشنل آئی جی علی احمدصابرکیانی نے پٹرولنگ افسران کی کارکردگی کو سراہا۔
یاد رہے موٹروے ایم 2 پر جھنگ سے لاہور آنے والی مسافر بس کو ٹائرز کی رگڑ کی وجہ سے آگ لگ گئی تھی، جس پر موٹروے پولیس نے ریسکیو عملے کا انتظار کرنے کے بجائے فوری طور پر مسافروں کو بس سے نکال کر جانی نقصان سے بچایا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس نے بہادری دکھاتے ہوئے جلتی ہوئی بس سے تمام مسافروں کو بحفاظت اور بروقت باہر نکال لیا، جھنگ سے لاہور آنے والی مسافر بس میں عملے کے علاوہ 41 مسافر سوار تھے۔