پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کھلاڑیوں کے سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے ایک اہم کھلاڑی کی تنزلی ہوئی ہے جب کہ ایک کو کانٹریکٹ نہیں دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سال 25-2024 کے لیے قومی کھلاڑیوں کے سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 25 کھلاڑیوں کو اس کانٹریکٹ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ پہلی بار پانچ ایمرجنگ کھلاڑیوں کو معاہدے کی پیشکش کی گئی ہے۔
سینٹرل کانٹریکٹ جس کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے 30 جون 2025 کے کرکٹ سیزن پر ہوگا۔ بابر اعظم اور محمد رضوان کو اے کٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے۔ اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ایک درجہ تنزلی جب کہ جارح مزاج بیٹر فخر زمان کو سینٹرل کانٹریکٹ دیا ہی نہیں گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کے کانٹریکٹ میں حالیہ انگلینڈ سیریز کے ہیرو ساجد خان اور نعمان علی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جاری پریس ریلیز کے مطابق باصلاحیت اور ابھرتے ہوئے کرکٹرز کی حوصلہ افزائی اور انعام دینے کی پی سی بی کی حکمت عملی کے طور پر، پہلی بار پانچ کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کی گئی ہے۔ ان کھلاڑیوں میں خرم شہزاد، محمد عباس آفریدی، محمد علی، محمد عرفان خان اور عثمان خان شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق کٹیگری اے میں صرف دو کھلاڑی بابر اعظم اور محمد رضوان شامل ہیں۔ بی کٹیگری میں ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
سی کٹیگری میں 9 کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے۔ ان میں عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حارث رؤف، نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاداب خان شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے کا الگ الگ کپتان لانے کا فیصلہ
سینٹرل کانٹریکٹ کی ڈی کٹیگری میں 11 کھلاڑی عامر جمال، حسیب اللہ، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد عباس آفریدی، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد عرفان خان، محمد وسیم جونیئر اور عثمان خان شامل ہیں۔