اتوار, اکتوبر 27, 2024
اشتہار

برطانوی رکن پارلیمنٹ کم جانسن کا بانی پی ٹی آئی کی نظر بندی پر اظہارِ تشویش

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: برطانوی رکن پارلیمنٹ کم جانسن نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کے نام لکھے گئے خط میں سابق پاکستانی وزیر اعظم و بانی پی ٹی آئی کی نظر بندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔

کم جانسن نے ڈیوڈ لیمی کو خط میں لکھا کہ یو این ورکنگ گروپ آن آربیٹریری ڈیٹینشن نے بھی بانی پی ٹی آئی کی قید غیر قانونی قرار دی اور کہا کہ ان کی قید قانونی بنیاد پر نہیں ہے، سابق پاکستانی وزیر اعظم کی مسلسل قید کا مقصد انتخاب لڑنے سے نااہل قرار دینا تھا۔

برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ بانی کے خلاف شروع سے ہی استغاثہ قانون کی بنیاد پر نہیں تھا، مبینہ طور پر ان کو قید کرنے کا مقصد سیاسی مقاصد کا حصول تھا، ان کی مسلسل نظر بندی کو پاکستان میں جمہوریت کیلیے سنگین خطرہ سمجھا جاتا ہے۔

- Advertisement -

’قیاس آرائیاں ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی قسمت کا فیصلہ ممکنہ طور پر فوجی عدالت کرے گی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل بھی کہتی ہے کہ قانون کا غلط استعمال کر کے ان کو سیاست سے دور رکھا جا رہا ہے۔ یہ بھی مشاہدہ کیا گیا کہ سابق پاکستانی وزیر اعظم کو تین مقدمات میں دفاع کیلیے سہولت نہیں دی گئی اور دفاع کی تیاری کیلیے وقت بھی نہیں دیا گیا۔‘

کم جانسن نے خط میں مزید لکھا کہ یہ واضح ہوگیا کہ بانی کے خلاف مقدمات کیلیے عدالتی نظام کا غلط استعمال کیا گیا، پاکستان میں نظامِ انصاف کا غلط استعمال کر کے سیاسی اپوزیشن لیڈرز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کے معاملے میں عدلیہ کو آزادانہ کام کرنے نہیں دیا جا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی آئینی عدالت کی تجویز پر عمل ہونے سے عدلیہ بے اختیار ہوگی، ایسی تجویز سے سیاسی جماعتیں حکومت کے خلاف سپریم کورٹ نہیں جا سکیں گی، ایسی تجویز پاکستان کے آئین میں درج اختیارات کے اصولوں پر بھی حملہ ہوگی۔

رکن پارلیمنٹ نے لکھا کہ پی ٹی آئی پر حالیہ دنوں میں غیر جمہوری کریک ڈاؤن کیا گیا جس میں ارکان پارلیمنٹ اور سرگرم کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، اسلام آبا دمیں ریلی کی اجازت کے باوجود غیر منصفانہ طور پر پبلک آرڈر ایکٹ جاری کیا گیا اور لوگوں کو حراست میں لیا گیا۔

خط میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان کے پارلیمنٹیرینز اس بات سے اتفاق کریں گے کہ ایسے اقدامات خطرناک ہیں، بانی پی ٹی آئی کو فوری پری ٹرائل ڈٹینشن سے رہا کیا جائے، برطانیہ پر فرض ہے دنیا میں پر جگہ انسانی حقوق، جمہوریت اور عالمی قوانین کی حمایت کرے، برطانیہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلیے حکومت پاکستان سے بات کرے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں