اسلام آباد: پاکستانی پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری آگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ پاسپورٹ میں پرنٹنگ کی تاخیر کا معاملہ حل ہوگیا ہے، 10 پاسپورٹ پرنٹنگ ڈیسک ٹاپ مشینیں بیرون ملک سے پاکستان پہنچ گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام مشینیں اگلے ہفتے سے آپریشنل ہوجائیں گی۔
پاسپورٹ آفس میں ڈیسک ٹاپ پرنٹنگ مشینوں کی انسٹالیشن کا عمل جاری ہے، ڈیسک ٹاپ مشینیں آپریشنل ہونے سے موجودہ پرنٹنگ صلاحیت دگنی ہوجائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت روزانہ کی بنیاد پر 20 سے 22 ہزار پاسپورٹ کی پرنٹنگ جاری ہے اور روزانہ ملک بھر سے پاسپورٹ اجرا کی 45 سے 50 ہزار درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔
یہ پڑھیں: پاسپورٹس کا بیگ لاک ختم ہوگیا، ڈی جی پاسپورٹ
واضح رہے کہ اس سے قبل ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی نے کہا تھا کہ اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت بڑے شہروں میں پاسپورٹس کا بیگ لاک ختم ہوگیا اور بیرون ملک سے آن لائن اپلائی کرنے والے پاسپورٹس کا بیگ لاک بھی نمٹا دیا ہے۔
ڈی جی کا کہنا تھا کہ اووسیزپاکستانیوں کو24 ہزار سے زائد پاسپورٹس ڈلیورکردئیے گئے ، بڑے شہروں میں پہلے انہیں پاسپورٹس دئیے جن کا بیرون ملک زیادہ آنا جانا ہے۔
مصطفی جمال قاضی نے بتایا تھا کہ روزانہ 65 ہزار پاسپورٹس پراسس ہوتے ہیں لیکن پرنٹنگ 23 ہزار ہورہی تھی تاہم ایک ماہ میں نئے پرنٹرز کی شپمنٹ پاکستان آنے کی امید ہے نئے پرنٹرز آنے سے پاسپورٹس اجرا کا عمل مکمل طور پر نارمل ہوجائے گا۔
خیال رہے پاکستانی پاسپورٹ ریاست پاکستان کے شہریوں کو بین الاقوامی سفر کیلیے جاری کیا جاتا ہے۔ یہ دستاویز آپ کی شناخت اور پاکستانی شہریت کی تصدیق کرتی ہے اور وزارت داخلہ کی شاخ ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ پاسپورٹ جاری کرنے کی ذمہ داری ادا کرتی ہے۔
عام طور پر عام اور سرکاری پاسپورٹس جاری کیے جاتے ہیں، ان کی میعاد 5 یا 10 سال ہوتی ہے اور 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 5 سال کا جاری کیا جاتا ہے۔
مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ زیادہ محفوظ اور جدید ہیں۔ پاسپورٹ کی درخواست آن لائن یا قونصل خانے میں کی جا سکتی ہے اور اس کے بغیر بین الاقوامی سفر ناممکن ہے۔