لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کے مثبت اشارے ملے ہیں۔
پاکستان کے سابق کپتان لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے میلبرن آسٹریلیا میں آن لائن پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے اپنی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان بھیجنے کے مثبت اشارے ملے ہیں۔ پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈز کو اس حوالے سے کئی آفرز کر دی ہیں۔ بھارت کو لازمی پاکستان آنا چاہیے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آئی تو یقین دلاتا ہوں کہ اس کا بہترین خیال رکھا جائے گا۔ ہمارے نوجوان پرستار بھارتی کھلاڑیوں کو بے حد پسند کرتے ہیں۔ ویرات کوہلی، ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار یادیو کے پاکستان میں بہت مداح ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ دونوں ممالک کے لوگوں کا آپس میں رابطہ ہونا چاہیے، بھارت اس بارے میں سوچے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم اگر میچ لاہور میں کھیل کر واپس امرتسر جا کر قیام کرتی ہے، تو یہ بھی اچھا آپشن ہوسکتا ہے۔ میں کئی سال سے بھارت نہیں گیا، وہاں کے کھانے اور لوگوں کو مِس کرتا ہوں۔ بھارتی کرکٹرز اگر پاکستان آئے تو خوب انجوائے کریں گے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی آئندہ برس فروری مارچ میں شیڈول ہے اور پاکستان اس کا میزبان ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔ ٹیم میں 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔
ما سوائے بھارت کے تمام ٹیموں نے ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان آنے کی تصدیق کر دی ہے۔
پی سی بی نے مجوزہ شیڈول بھی آئی سی سی کو بھیج دیا ہے جس میں بھارت کے تمام میچز لاہور میں رکھے گئے ہیں جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی بورڈ کو پیشکش کی ہے کہ اگر وہ چاہیں تو ٹیم لاہور میں کھیل کر رات واپس اپنے ملک امرتسر جا کر قیام کر سکتی ہے۔
آئی سی سی نے اس شوپیس ایونٹ نے کے لیے فنڈز بھی مختص کر دیے ہیں۔ تاہم ایونٹ میں تین ماہ کا مختصر عرصہ رہ جانے کے باوجود اب تک بھارت کی جانب سے ٹیم پاکستان بھیجنے کے حوالے سے کوئی حتمی جواب نہیں دیا گیا ہے۔