پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو بڑا اعزاز ملنے والا ہے ان کا بیٹ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپر اسٹار بیٹر بابر اعظم نے 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں استعمال کیا جانے والا اپنا بیٹ عطیہ کر دیا جس کے بعد اب یہ بیٹ میلبرن گراؤنڈ کے لانگ روم میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔
اس سے قبل ایم سی جی لانگ روم میں سابق عظیم کرکٹرز سر ڈان بریڈ مین، ڈیوڈ بون، جیک ہوبز اور برائن لارا کے بیٹ بھی نمائش کے لیے موجود ہیں۔
اس حوالے سے بابر اعظم کہتے ہیں کہ دنیا کے عظیم بیٹرز کے بیٹس کےساتھ میرا بیٹ رکھا جانا اعزاز کی بات ہے۔ ایم سی جی سے میری کافی یادیں وابستہ ہیں۔ یہ دنیا کے بہترین کرکٹ گراؤنڈز میں سے ایک ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے اس وقت ٹیم کے ہمراہ میلبرن میں ہیں۔
تاہم پی سی بی نے انہیں اس کے بعد زمبابوے ٹور میں آرام دیا ہے اور وہ سیریز کھیل کر وطن واپس آ جائیں گے۔