جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

’کبھی میں کبھی تم‘ کی آخری قسط سنیما میں نشر ہوگی

اشتہار

حیرت انگیز

اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ کی آخری قسط سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں فہد مصطفیٰ (مصطفیٰ)، ہانیہ عامر (شرجینا)، عماد عرفانی (عدیل)، جاوید شیخ (افتخار)، بشریٰ انصاری، نعیمہ بٹ (رباب)، اریج چوہدری، (نتاشا)،  مایا خان ودیگر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

ڈرامے کی کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض بدر محمود نے انجام دیے ہیں۔

- Advertisement -

تاہم اب اعلان کیا گیا ہے کہ ڈرامے کی آخری قسط 5 نومبر کو اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر کے سینماؤں میں دکھائی جائے گی۔

ڈرامے کا آغاز جولائی کے پہلے ہفتے میں ہوا تھا اور اس کے ذریعے فہد مصطفیٰ نے ایک دہائی بعد ڈراموں میں واپسی کی تھی، مداحوں کی جانب سے شرجینا اور مصطفیٰ کی جوڑی کو خوب سراہا گیا۔

کبھی میں کبھی تم کی مقبولیت ناصرف پاکستان بلکہ بھارت، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت دیگر ممالک میں بھی دیکھی گئی۔

ڈرامے میں فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر نے میاں اور بیوی کا کردار ادا کیا ہے جبکہ عماد عرفانی نے فہد مصطفیٰ کے لالچی بھائی کا روپ دھارا ہے، جو دولت کی خاطر ہانیہ عامر سے شادی کرنے سے انکار کردیتے ہیں، جس کے بعد فہد مصطفیٰ ان سے شادی کرتے ہیں۔

ڈرامے میں عماد عرفانی کو دولت کی لالچ میں امیر خاتون یعنی نعیمہ بٹ سے شادی کرتے دکھایا گیا ہے جو کہ شادی کے بعد مزید بگڑ جاتے ہیں اور وہ دوسری خواتین سے تعلقات بڑھانے کی کوشش بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ڈرامے میں جاوید شیخ اور بشریٰ انصاری نے فہد مصطفیٰ اور عماد عرفانی کے والدین کا کردار ادا کیا ہے۔

’کبھی میں کبھی تم‘ کی آخری قسط کو سینماؤں میں ریلیز کیے جانے کے اعلان پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا اور مداح یہ جاننے کے لیے پرجوش ہیں کہ آخری قسط میں کیا ہونے جارہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں