جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

لاہور : دُھند کے نام پر دھندہ کرنے والے عطائی ڈاکٹروں کی شامت آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

پنجاب میں عطائی ڈاکٹروں نے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کا سلسلہ بدستور جاری رکھا ہوا ہے، آج کل اسموگ سے ہونے والی بیماریوں کے علاج کے نام پر ان کی کمائی کا دھندہ عروج پر ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے ہیلتھ کیئر کمیشن کے عملے کے ساتھ عطائی ڈاکٹروں کے اڈوں پر چھاپے مارے اور علاج کے نام پر لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے جعلی معالجین کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔

- Advertisement -

ان جعلی ڈاکٹروں نے پنجاب کے مختلف شہروں میں اپنے پنجے گاڑ کر صحت کے نام پر کاروبار چمکایا ہوا ہے۔ مبینہ طور پر محکمہ ہیلتھ کی کالی بھیڑوں کی سرپرستی کے باعث عطائی ڈاکٹر بلاخوف خطر سادہ لوح لوگوں کو اپنے جھانسے میں پھنسا کر ان کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔

موسم کی موجودہ صورتحال کے باعث پنجاب میں دھند کا راج ہے جس کی وجہ سے خصوصی طور پر لاہور میں فضائی آلودگی کے باعث وبائی امراض میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔

مذکورہ حالات کچھ لوگوں کیلیے کمائی کا بڑا ذریعہ بن چکے ہیں اور مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے غیر قانونی کلینکس کے وارے نیارے کردیے، گلی محلوں میں یہ کلینکس ایسے کھل گئے ہیں جیسے پرچون کی دکانیں، ان کلینکس کو مذبح خانہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کیونکہ یہاں جن طریقوں سے علاج کیا جاتا ہے وہ بجائے شفا دینے کے موت کے منہ میں دھکیلنے کے مترادف ہیں۔

اس حوالے سے ٹیم سر عام نے ہیلتھ کیئر کمیشن کے عملے کے ہمراہ ایسے ہی ایک مدینہ ڈینٹل کلینک پر چھاپہ مارا جو گزشتہ 20 سال سے قائم ہے،جس کے بعد انکشاف ہوا کہ یہ کلینک ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجسٹرڈ ہی نہیں تھا، اس کلینک میں موجود ڈاکٹر نے بورڈ پر ان تمام ڈگریوں کے نام لکھے ہوئے تھے جو اس کے پاس تھی ہی نہیں۔ بعد ازاں ہیلتھ کیئر کمیشن افسران نے کلینک کو سیل کردیا۔

اس کے بعد ٹیم سرعام موسیٰ کلینک پہنچی اور وہاں جاکر انکشاف ہوا کہ مریضوں کو استعمال شدہ سرنجوں سے انجکشن لگائے جارہے تھے، اس کے علاوہ زائد المیعاد ادویات بھی برآمد ہوئیں جو مریضوں کو دی جارہی تھیں۔ بعد ازاں ہیلتھ کیئر کمیشن افسران نے کلینک رجسٹرڈ نہ ہونے اور دیگر قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے اسے بھی سربمہر کردیا۔

اگلی کارروائی الفلاح کلینک اینڈ میٹرنٹی ہوم میں کی گئی یہ وہی کلینک ہے جسے 6 سال پہلے بھی سیل کیا گیا تھا لیکن جن وجوہات کی بنا پر اسے بند کیا گیا وہ صورتحال آج بھی ویسی کی ویسی تھی۔ پوچھ گچھ کرنے پر کلینک میں بہت سے قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا اور ہیلتھ کیئر کمیشن افسران نے اس کلینک کو بھی سیل کردیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں