آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی بھارت کی اے کرکٹ ٹیم پر آسٹریلوی میڈیا سے بال ٹمپرنگ کا شرمناک الزام عائد کیا ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کا لگتا ہے ستارہ گردش میں آ گیا ہے۔ ایک جانب بھارت کی سینئر ٹیم کو نیوزی لینڈ سے اپنی سر زمین پر وائٹ واش کی ذلت آمیز شکست ہوئی دوسری جانب بھارتی اے ٹیم پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگ گیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلوی میڈیا نے اے ٹیموں کے میچ میں آخری دن جیت کے لیے بھارتی ٹیم پر منفی حربے استعمال کرتے ہوئے بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ گیند تبدیل کرنے کے معاملے پر بھارتی کھلاڑی نے امپائر سے تلخ جملے بولے۔
رپورٹ کے مطابق میچ کے آخری روز آسٹریلیا اے ٹیم کو جیت کے لیے 86 رنز درکار تھے۔ اس موقع پر امپائر نے گیند تبدیل کی جس پر بھارتی کھلاڑیوں نے امپائر شان کریگ سے گیند تبدیل کرنے پر اعتراض کر دیا اور ان سے بحث کی۔
اس موقع پر بھارتی کھلاڑیوں اور امپائر کے درمیان جن جملوں کا تبادلہ ہوا وہ اسٹمپ مائیک کے ذریعے سب نے سنے جس میں امپائر شان کریگ کو یہ کہتے سنا جا گیا کہ جب آپ گیند کو کھرچو گے تو ہم گیند تبدیل ہی کریں گے۔
امپائر نے بھارتی کھلاڑیوں کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ اب مزید بحث نہ کریں اور کھیل کا آغاز کریں۔ اگر آپ نے کھیلنا ہے تو اسی گیند سے کھیلیں جو آپ کو دی گئی ہے۔
امپائر کے اس اقدام کو بھارتی وکٹ کیپر ایشان کشن نے احمقانہ فیصلہ قرار دیا جس پر امپائر نے بھی کھلاڑی کو واضح کر دیا کہ آپ کا رویہ غیر مناسب ہے اور آپ کے اس رویے کو رپورٹ کیا جائے گا۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ کے معاملے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچ کی چوتھی اننگ میں استعمال ہونے والی گیند کو خرابی کی وجہ سے تبدیل کیا گیا، کھیل شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں اور مینجرز کو بتا دیا گیا تھا، اس حوالے سے کوئی اور ایکشن نہیں لیا جائے گا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے بیان نے ماحول کو ٹھنڈا کر دیا ہے اور بال ٹیمپرنگ کا لفظ آفیشلی طور پر استعمال نہ کر کے صورتحال کو صرف کنفیوژن قرار دیا جا رہا ہے، جس کے بعد ایشان کشن اب مزید کارروائی سے بچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس میچ میں آسٹریلیا اے نے بھارت اے کو 7 وکٹوں سے ہرایا۔