بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں شہریوں نے معمولی سی غلطی پر نوجوان کو زمین پر تھوک چاٹنے اور گوبر کھانے پر مجبور کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ دھار ضلع میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے اور صارفین نوجوان پر ظلم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
متاثرہ نوجوان پر الزام لگایا گیا کہ اس نے جان بوجھ کر رنگولی پر تھوکا ہے۔ جب یہ خبر ضلع بھر میں پھیلی تو لوگوں کی بڑی تعداد نے جمع ہو کر اس کو ہراساں کرنا شروع کیا۔
ملزمان نے نہ صرف نوجوان کو رنگولی پر اس کی تھوک چاٹنے پر مجبور کیا بلکہ منہ میں گوبر بھی بھرنے کی کوشش کی۔
وائرل ویڈیو میں نوجوان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
اہل خانہ نے بتایا کہ بیٹے نے رنگولی کے پاس تمباکو تھوکا تو معمولی سے چھینٹے رنگولی پر پڑے، لوگوں نے اسے زبردستی تھوک چاٹنے پر اور گوبر کھانے پر مجبور کیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی اور نوجوان کو ہجوم سے بچا کر تھانے لے گئی، اسے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا تاہم چھٹی کا دن ہونے کی وجہ سے اسے امن خراب کرنے کے الزام میں براہ راست جیل بھیج دیا گیا۔
پولیس نے متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ پیر کو تحصیلدار سے اس کی ضمانت حاصل کر لی جائے گی۔