پاوٹا : بھارت میں ایک لیب اٹینڈنٹ نے یوٹیوب سے ویڈیو دیکھ کر مریض کا ای سی جی کردیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعلقہ حکام نے فوری نوٹس لے لیا۔
بھارت کی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور کے سیٹلائٹ اسپتال میں عملے کی کمی کے باعث ایک لیب اٹینڈنٹ نے یوٹیوب سے ویڈیو دیکھ کر مریض کا (الیکٹرو کارڈیو گرام) ای سی جی کیا۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مریض کے گھر والے لیب اٹینڈنٹ کے عمل پر اعتراض کر رہے ہیں اور اس کے غیر تربیت یافتہ ہونے پر تشویش ظاہر کر رہے ہیں۔
View this post on Instagram
مریض کے لواحقین کا کہنا تھا کہ بغیر کسی تربیت اور مناسب علم کے ای سی جی کرنا مریض کی جان کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ جس پر مذکورہ لڑکے نے جواب دیا کہ عملے کی کمی کی وجہ سے اس کے پاس اور کوئی چارہ نہیں تھا۔
لیب اٹینڈنٹ نے مزید کہا کہ لیب ٹیکنیشن آج کل دیوالی کی چھٹیوں پر گیا ہوا ہے، میں نے ہر چیز کو اس کی صحیح جگہ پر نصب کر دیا ہے باقی کام یہ آٹو میٹک مشین خود کرے گی۔”
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر چلنے کے بعد یہ عوامی توجہ کا مرکز بن گئی، متعلقہ میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر بی ایس جوڈھا نے اس معاملے کی تحقیقات کروانے کی تصدیق کرتے ہوئے یقین دلایا کہ تحقیقات کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی بھارت کی ریاست بہار میں یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر آپریشن کرنے والے جعلی ڈاکٹر نے 15 سالہ لڑکے کی جان لے لی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکے کی شناخت کرشنا کمار کے نام سے ہوئی جس کے والد چندن شا نے بتایا کہ بار بار الٹی کرنے پر اسے گنپتی اسپتال منتقل کیا تھا جہاں اس کی طبیعت سنبھل گئی تھی لیکن ڈاکٹر اجیت کمار پوری نے آپریشن کا کہا، ملزم نے یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھ کر سرجری کی جس سے میرا بیٹا مرگیا۔