اسلام آباد : بجلی کے بھاری بل ادا کرنیوالے صارفین کے لئے اہم خبر آگئی ، سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک بھرکے لیے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی مزید مہنگی کرنے کی تیاریاں کرلیں گئیں۔
بجلی صارفین پر 8 ارب 72کروڑ روپےکا بوجھ ڈالنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرادی گئی، درخواست رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی۔
نیپرا کی جانب سے درخواست پرسماعت20 نومبر کو ہوگی ، کیپیسٹی چارجز کی مد میں 8 ارب 6 کروڑ روپے اور آپریشنز اینڈ میٹیننس کی مد میں ایک ارب 25 کروڑ روپے مانگے گئے ہیں۔
سسٹم چارجز اور مارکیٹ آپریشنز فیس مد میں ایک ارب 65 کروڑ روپے کی درخواست کی گئی ہے، اس وقت گذشتہ مالی سال کی آخری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی وصولی ہورہی ہے۔
کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 1.74 روپے فی یونٹ ادا کررہے ہیں ، گذشتہ مالی سال کی آخری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی وصولی رواں ماہ ختم ہوجائے گی۔