بیروت: لبنان کے دارالحکومت پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری میں حسن نصر اللہ کے چچا شہید ہو گئے ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی کی وحشیانہ بمباری سے لبنان کا دارالحکومت بیروت گونج اٹھا، اسرائیلی طیاروں نے 2 گھنٹوں تک بیروت پر بم برسائے، بیروت ایئرپورٹ کے ایک حصے پر بھی بم گرنے سے دھماکا ہوا۔
مشرقی لبنان کی وادی بیکا اور بعلبک شہر کے علاقوں پر رات بھر اسرائیلی فضائی بمباری میں 40 افراد شہید اور 53 زخمی ہوئے، حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں حسن نصر اللہ کے چچا بھی شہید ہوئے۔
لبنان کی سرحد پر زمینی لڑائی میں ایک اسرائیلی فوجی بھی مارا گیا ہے، جب کہ حزب اللہ نے تل ابیب کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی بیس پر ڈرون حملہ کیا۔ حزب اللہ کا کہنا تھا کہ حملہ آور ڈرونز کے جھنڈ نے پہلی بار تل ابیب کے جنوب میں اسرائیلی فوج کے بِلو اڈے کو نشانہ بنایا ہے، جب کہ اسرائیل کے شمالی بندرگاہی شہر حیفہ میں ایک بحری اڈے پر دوبارہ حملہ کیا گیا ہے۔
امریکا نے ایٹمی صلاحیت والا ہولناک ’منٹ مین تھری‘ میزائل کامیابی سے داغ دیا
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمال مشرقی لبنان کے بعلبک علاقے اور دریائے لیطانی کے شمال میں واقع دیگر علاقوں میں تقریباً 20 اہداف پر اسرائیلی فضائی حملوں میں حزب اللہ کے تقریباً 60 کارکن مارے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ پر جنگ شروع ہونے کے بعد سے لبنان میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 3,050 افراد شہید اور 13,658 زخمی ہو چکے ہیں۔