اسلام آباد : جمیعت علما اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان لندن پہنچ گئے، وہ برطانیہ میں 10 روز قیام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق جمیعت علما اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان لندن پہنچ گئے، ان کے ہمراہ راشد سومرو اور مفتی ابرار بھی لندن پہنچے ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ہیتھرو ایئرپورٹ پر ہائی کمشنرڈاکٹرمحمدفیصل نے استقبال کیا ، مفتی خالد محمود اور دیگر عہدیداران بھی استقبال کیلئے موجود تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ سربراہ جمیعت علما اسلام برطانیہ میں 10 روز قیام کریں گے۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر اور سربراہ جے یو آئی ف کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔
ملاقات میں پارلیمنٹ کے اندر پہلے سے قائم کمیٹیوں کو فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا اور حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک لانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد جے یو آئی کو آگاہ کیا جائے گا، مولانا کی بیرون ملک دورے سے واپسی کے بعد سرگرمیاں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔