انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے راولپنڈی اور ملتان کی پچز کو اطمینان بخش قرار دے دیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے تینوں ٹیسٹ میں استعمال ہونے والی پچز کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ ملتان جبکہ دوسرا اور تیسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا۔
پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ قومی ٹیم نے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کو شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کی تھی۔
اسپنرز ساجد خان اور نعمان علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
یاد رہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر انگلینڈ کے سابق بیٹر کیون پیٹرسن نے ملتان کی وکٹ کو بولرز کے لیے قبرستان قرار دے ڈالا تھا جب کہ سابق کپتان نے کہا تھا کہ ملتان کی وکٹ سڑک کا منظر پیش کر رہی ہے۔
تاہم سابق انگلش کرکٹرز کی اس تنقید پر صارفین اور شائقین کرکٹ نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا اور کہا تھا کہ اگر بولرز کا قبرستان ہوتی انگلینڈ اولین اوورز میں ہی پاکستانی وکٹ نہ لے پاتا، اصل حقیقت ناتجربہ کار انگلش باولنگ اسکواڈ ہے، جس کو وہ ماننے سے انکاری ہیں۔