وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانے تک گھر نہیں آئیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہاتھ اٹھا کر حلف دو بانی کی کال پر رہائی تک واپس نہیں جائیں گے، حقیقی آزادی لینے تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی میں جو بھی فیصلہ ہوتا ہے اس کے حقدار صرف بانی پی ٹی آئی ہیں، ان کے ہر فیصلے پر عملدرآمد کریں گے۔
علی امین نے کہا کہ ہمارا لیڈر اور دیگر لوگ جیلوں میں ہیں ان کا حساب دینا ہوگا، بلوچستان اور سندھ میں جو ہورہا ہے ہم اس کا جواب لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں آیا تو میرے پاس کوئی عہدہ نہیں تھا، پہلا جمہوری الیکشن ہوا تو پہلا عہدہ ملا، آپ نے بھی خود کو ثابت کرکے یہاں آنا ہے، لوگ باتوں سے نہیں عمل سے ثابت ہوتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ ہمیشہ عوام کی طرف دیکھتا ہوں، آپ بانی پی ٹی آئی کی طاقت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں سے پاکستان آزاد ہوا، ہمیں اپنے حق کے لئے قربانی دینی پڑے گی۔