انگلینڈ کے سابق کرکٹر سر ای این بوتھم آسٹریلیا میں مچھلی کے شکار کے دوران مگرمچھوں سے بھری ندی میں گرنے سے بال بال بچ گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے سابق کرکٹر سر ای این بوتھم آسٹریلیا کے دریائے موئل میں سابق فاسٹ بولر مرو ہیوز کے ساتھ مچھلی کا شکار کررہے تھے۔
حالات نے اس وقت خطرناک رخ اختیار کیا جب کشتیوں کے درمیان جانے کی کوشش کے دوران این بوتھم کا جوتا رسی میں پھنس گیا جس کے نتیجے میں وہ گر گئے۔
ای این بوتھم کو گرنے کے سبب کافی چوٹیں آئیں اور ان کا مگرمچھوں سے بھرے پانی سے بچنا مشکل ہوگیا تھا۔
انسٹاگرام پر انہوں نے لکھا کہ ’میں پانی میں جانے سے پہلے ہی باہر نکل آیا تھا، بہت سے مگرمچھوں کی نظریں مجھ پر تھیں، اب میں ٹھیک ہوں۔‘
واضح رہے کہ سر ای این بوتھم نے 102 ٹیسٹ میچوں میں انگلش ٹیم کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 5200 رنز بنائے اور 383 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے 116 ون ڈے میچز بھی کھیلے۔ انگلینڈ کے سابق آل راؤنڈر کا میدان پر آسٹریلیا کے تیز گیند باز مرو ہیوز سے سخت مقابلہ ہوتا تھا۔ ہیوز نے آسٹریلیا کے لیے 53 ٹیسٹ میچوں میں 212 وکٹیں حاصل کیں۔